غیر معیاری مٹھائیاں اور سموسے بنانے والے غیرملکی گرفتار
غیر معیاری مٹھائیاں اور سموسے بنانے والے غیرملکی گرفتار
اتوار 12 اپریل 2020 9:42
بنگلہ دیشی کارکنوں نے اپنے گھر کو کارخانہ بنا رکھا تھا (فوٹو:سوشل میڈیا)
سعودی عرب کے شہر طائف میں غیرمعیاری سموسے اور مٹھائیاں تیار کرنے والے بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق طائف میونسپلٹی کے تفتیشی اہلکاروں نے بتایا ہے کہ ’الشہداء محلے میں مٹھائیوں کی معروف دکان کے بالکل پیچھے غیر ملکی کارکنوں کی رہائش ہے جہاں مٹھائیاں اور سموسے تیار کیے جا رہے تھے۔'
انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیشی کارکنوں نے اپنے گھر کو کارخانہ بنا رکھا تھا جہاں صحت کے ضوابط کی پابندی نہیں کی جا رہی تھی۔ یہ مٹھائیاں اور سموسے رمضان کے مہینے میں فروخت کرنے کے لیے تیار کیے جا رہے تھے۔
میونسپلٹی کے مطابق سموسوں اور مٹھائیوں کی تیاری میں غیر معیاری اجزا شامل تھے جبکہ کارخانے میں صفائی کا بھی فقدان تھا اور وہاں جگہ جگہ کیڑے مکوڑے پائے گئے۔'
بنگلہ دیشی کارکنوں نے بڑی مقدار میں سموسے اور مٹھائیاں تیار کر کے معروف دکان کو فروخت کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
میونسپلٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بنگلہ دیشی کارکنوں کو گرفتار کر گیا ہے جبکہ ان کی رہائش کو سربمہر کر دیا گیا ہے۔ ضابطے کی کارروائی کے بعد انہیں متعلقہ محکمے کے حوالے کردیا جائے گا۔'