غیر منظور طبی پراڈکٹ کی تشہیر پر دو ڈاکٹروں کی طلبی
’ریڈیو اسٹیشن کے ذمہ دار شخص کو بھی طلب کیا گیا ہے جس نے یہ پروگرام نشر کیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے غیر منظور شدہ میڈیکل پروڈکٹ کی تشہیر پر دو ڈاکٹروں کو جواب طلبی کے لیے بلایا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’مذکورہ ڈاکٹروں نے نجی ریڈیو سٹیشن پر نشر ہونے والے پوڈکاسٹ میں غیر منظور شدہ پروڈکٹ کی مارکیٹنگ کرتے ہوئے اس کے مبینہ طبی فوائد بتائے ہیں‘۔
’کارروائی وزارت صحت کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت کی بنیاد پر کی گئی ہے‘۔
میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’وزارت صحت نے شکایت میں کہا ہے کہ جس میڈیکل پروڈکٹ کی تشہیر کی گئی وہ جنرل اتھارٹی فار فوڈ اینڈ ڈرگ میں رجسٹرڈ نہیں نہ اسے تجارتی منظوری حاصل ہے اور نہ ہی اس کے مبینہ طبی فوائد کے متعلق کوئی سائنسی ثبوت موجود ہے‘۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’طلب کئے جانے والے دونوں ڈاکٹروں میں سے ایک پروگرام کا میزبان اور دوسرا مہمان ہے‘۔
’ان کی جانب سے کی گئی تشہیر طبی اخلاقیات کے خلاف ہے اور یہ میڈیا اور صحت کے ضوابط کے مطابق نہیں‘۔
اتھارٹی نےکہا ہے کہ ’ریڈیو اسٹیشن کے ذمہ دار شخص کو بھی طلب کیا گیا ہے جس نے یہ پروگرام نشر کیا ہے کیونکہ اس نے غیر منظور شدہ مصنوعات کی تشہیر نہ کرنے کے ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔