Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ قطری کمپنیاں پاکستانیوں کی برطرفی کا سلسلہ روکیں‘

وزارت سمندر پار پاکستانیز نے مطالبہ کیا ہے کہ قطر میں پھنسے پاکستانیوں کو فوری ریلیف فراہم کی جائے (فوٹو:اے ایف پی)
وزارت سمندر پار پاکستانیز نے مختلف ممالک سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل میں کمی کے لیے رابطے شروع کر دیے ہیں۔
وزارت سمندر پار پاکستانیز کے ایک بیان کے مطابق  وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کے بعد قطر کے وزیر برائے افرادی قوت سے رابطہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ معاون خصوصی زلفی بخاری نے قطر کے وزیر برائے افرادی قوت سے درخواست کی کہ قطری کمپنیوں سے پاکستانی ملازمین کی برطرفی کا سلسلہ روکا جائے۔ 
معاون خصوصی زلفی بخاری نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ قطر میں پھنسے پاکستانیوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے قطر کے وزیر برائے افرادی قوت سے کہا کہ کمپنیوں کو بقایا جات کی ادائیگی اور سفری اخراجات کی ادائیگی کا پابند بنایا جائے۔
قطری وزیر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کا ملک ملازمین کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے گا۔
جمعرات کو  وزارت برائے سمندر پار پاکستانیز نے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے یقین دلایا ہے کہ وہ پاکستانی ملازمین کا تحفظ کرے گی۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کہا تھا کہ ملازمتوں سے برطرف پاکستانیوں کو مکمل تنخواہ دی جائے گی۔
وزارت  سمندر پار پاکستانیزکے مطابق یو اے ای کی کمپنیاں پاکستانی ملازمین کو ایئر ٹکٹ کا خرچ دیں گی اور جو وہاں رکنا چاہیں انہیں قانونی تحفظ دیا جائے گا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں