Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'یو اے ای: ہر ہفتے 5 ہزار پاکستانی آئیں گے'

پاکستانیوں کی واپسی کے لیے فلائٹ آپریشن 21 سے 28 اپریل کے درمیان شروع ہوگا (فوٹو: اے این)
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ 'پاکستان متحدہ عرب امارات میں وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے 21 سے 28 اپریل کے درمیان فلائٹ آپریشن شروع کرے گا۔'
پیر کو متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شيخ عبداللہ بن زاید آل نہیان سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے یو اے ای کی جیلوں میں قید 400 پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو بتایا کہ 'پاکستان متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی واپسی کے لیے 21 اپریل سے فلائٹ آپریشن کا آغاز کرے گا جو ان کی واپسی تک جاری رہے گا۔'

 

'ہر ہفتے 5 ہزار پاکستانیوں کو ان خصوصی پروازوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات سے پاکستان واپس لایا جائے گا۔'
دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب امارات کے وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں پاکستان کی جانب سے کیے گئے بروقت اقدامات کو سراہا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا وائرس کے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے اور باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
یو اے ای کے وزیر خارجہ شيخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے قرضوں میں سہولت کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کاوشوں کو سراہا۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے اماراتی ہم منصب کو بتایا کہ 'انڈین حکومت اس عالمی وبا کو بھی مذہبی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے جو انتہائی افسوس ناک ہے۔'

شیئر:

متعلقہ خبریں