مکہ میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض
’مکہ مکرمہ میں اس وقت 2552 مریض ہیں جبکہ ریاض دوسرے نمبر پر ہے‘ ( فوٹو: سبق)
کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد میں مکہ مکرمہ پہلے نمبر پر آ گیا ہے جبکہ اس سے قبل کورونا کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد ریاض میں تھی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ مکہ میں اس وقت 2552 مریض ہیں جبکہ ریاض دوسرے نمبر آگیا ہے جہاں 2210 مریض ریکارڈ پر ہیں۔
واضح رہے کہ پیر کو جاری ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق مکہ میں 402 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ریاض دوسرے نمبر پر تھا جہاں 200 نئے مریض تھے۔
سعودی عرب میں مریضوں کی کل تعداد 10484 ہوگئی ہے جن میں سے 27 فیصد سعودی جبکہ 73 فیصد غیر ملکی ہیں۔
مکہ میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت نے متعدد تدابیر اختیار کر رکھی ہیں۔ شہر کو مجموعی طور پر بند کر دیا ہے جہاں سے رہائشی باہر نہیں جاسکتے جبکہ باہر سے کسی شخص کے داخلے پر پابندی ہے۔
علاوہ ازیں وزارت داخلہ نے متعدد محلوں میں سخت حفاظتی تدابیر اختیار کررکھی ہیں جہاں کے رہائشیوں کے محلے سے باہر جانے پر پابندی ہے۔ ان محلوں میں 24 گھنٹے کرفیو نافذ ہے۔
وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں گنجان آباد اور غیر منظم محلوں میں جہاں غیر قانونی تارکین کی کثیر تعداد آباد ہے وہاں کورونا کے زیادہ مریض پائے جارہے ہیں۔