Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’زلفی بخاری صاحب یہ غلط ٹوئٹر ہینڈل ہے‘

 بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے پی آئی اے کی خصوصی فلائٹس سے متعلق اپنی ایک ٹویٹ میں تصاویر شئیر کی ہیں جن میں فلائٹس کے ٹکٹس کی قیمیتں درج ہیں۔
ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ 'مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے پی آئی اے نے سستے ٹکٹس والی خصوصی پروازوں کا آغاز کر رہا ہے۔ جو لوگ سفر کا ارادہ رکھتے ہیں ٹکٹوں کی خریداری سے پہلے ان کرایوں کو اچھی طرح دیکھ لیں اگر کوئی استحصال کی اطلاع دینا چاہے تو دے سکتا ہے۔'
ٹوئٹر صارف شاہ جہاں ملک نے نہ صرف اس اقدام کی تعریف کی بلکہ یہ بھی کہا کہ بہت سے لوگ زیادہ کرایوں کی بھی شکایات کر رہے تھے، یہ اچھا طریقہ ہے کہ وہ سستے ٹکٹس خرید کر گھر واپس جا سکیں۔

سوشل میڈیا صارفین میں سے چند نے ایسے ایجنٹس کے حوالے سے سکرین شاٹس بھی شئیر کیے جو ٹکٹس مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں جبکہ بیرون ملک رہنے والے کئی لوگوں نے اپنے ذاتی تجربات بھی شئیر کیے۔
ٹوئٹر صارف رضوان علی باجوہ نے اپنا ذاتی تجربہ شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ 'سر یہ ٹکٹس کہاں سے ملیں گے؟ میں نے پی آئی اے آفس فون کیا انہوں نے کہا آپ یو اے ای میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کریں، انہوں نے آن لائن رجسٹر کرنے کے لیے کہا وہ بھی کر دیا ایک ہفتے سے زیادہ ہو گیا ہے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔'

کچھ صارفین ایسے بھی تھے جنھیں ٹکٹوں کی قیمیتوں میں تو شاید اتنی دلچسپی نہیں تھی البتہ انہوں نے ٹویٹ غور سے پڑھ کر غلطی ڈھونڈ لی اور اس کی نشاندہی کرتے ہوئے کمنٹ بھی کر ڈالا۔
دالیا کاذن نے لکھا کہ 'زلفی صاحب آپ نے پی آئی اے کا غلط ٹوئٹر ہینڈل استعمال کیا ہے۔ یہ پی آئی اے نہیں کوئی اور ہے۔'

ٹوئٹر صارف ارمغان زیب نے لکھا کہ 'کابل میں پھنسے پاکستانیوں کے بارے میں کیا خیال ہے؟ ان کے لیے بھی کسی پرواز کا بندوبست کریں۔'

 

شیئر: