Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹیمیں ٹریفک جام میں پھنس گئیں،‘ امریکہ اور نمیبیا کا میچ 43 اوورز تک محدود

ٹیموں کے سٹیڈیم دیر سے پہنچنے کے باعث میچ کے اوورز کو محدود کیا گیا۔ (فوٹو: یو ایس اے کرکٹ)
کرکٹ ویب سائٹ ’ای ایس پی این کرک انفو‘ کے مطابق عمان میں امریکہ اور نمیبیا کے درمیان ہونے والا ون ڈے میچ ٹیمز کے سٹیڈیم دیر سے پہنچنے کے باعث مختصر کر دیا گیا۔
سنیچر عمان کے الامارات سٹیڈیم میں کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو کا میچ شیڈول تھا جو اپنے مقررہ وقت پر شروع نہ ہو سکا۔ 
کرک انفو کے میچ فلو میں جاری تفصیلات کے مطابق امریکہ اور نمیبیا کی ٹیمیں راستے میں ٹریفک جام کے باعث سٹیڈیم وقت پر نہ پہنچ سکیں جس کے بعد میچ کو 43 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر امریکہ کی کرکٹ ٹیم نے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میچ میں تاخیر ’غیر متوقع لاجسٹک حالات‘ کی وجہ سے ہوئی، لیکن ٹیم نے تاخیر کی اصل وجہ واضح نہیں کی۔
امریکی ٹیم نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا ’ٹاس اور میچ کی اپ ڈیٹ: غیر متوقع لاجسٹک حالات کی وجہ سے ٹاس اور میچ کے آغاز میں تاخیر ہوئی ہے۔‘

دوسری جانب امریکہ میں مقیم صحافی پیٹر ڈیلا پینا نے دعویٰ کیا کہ مسقط میں آئرن مین ریس کی وجہ سے ہونے والے ٹریفک جام کے باعث میچ میں تاخیر ہوئی۔ 
پیٹر نے امریکی ٹیم کی ایکس پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’بظاہر، دونوں ٹیمیں گراؤنڈ پر نہیں پہنچ سکیں کیونکہ مسقط میں میراتھن/آئرن مین روڈ ریس کے نتیجے میں اکثر سڑکیں بلاک تھیں، اور ان میں سٹیڈیم کا روٹ بھی شامل تھا۔‘
تاہم پیٹر ڈیلا پینا کے دعوے کی تصدیق تاحال نہیں ہو سکی اور نہ ہی آئی سی سی یا الامارات سٹیڈیم نے اس پر کوئی وضاحت جاری کی ہے۔ 
تاخیر کے بعد شروع ہونے والے میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر امریکہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اینڈریز گوس، کپتان مونانک پٹیل اور ملند کمار تینوں نے نصف سنچریاں سکور کیں اور امریکہ نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنائے۔
سمیت پٹیل کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد گوس 76 رنز اور پٹیل 65 رنز کے ساتھ  110 کی شراکت کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ملند نے صرف 34 گیندوں تیز رفتار 54 رنز بنائے۔
نمیبیا کی جانب سے جے جے سمٹ نے چار جبکہ برنارڈ شولٹز نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں نمیبیا کی ٹیم 179 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور امریکہ نے میچ 114 رنز سے جیت لیا۔
 

شیئر: