اینٹی وائرس ایسکلیٹر:’اسے بے حد ضروری سمجھا جارہا ہے‘
اینٹی وائرس ایسکلیٹر:’اسے بے حد ضروری سمجھا جارہا ہے‘
اتوار 26 اپریل 2020 8:32
ایسکلیٹر کی ریلنگ پر الٹراوائلٹ سی لائٹ کی تابکاری سے اس پر موجود تمام جراثیم مر جاتے ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
تانجا نیکل اور کیتھرین اوبلاڈن اس وقت ہائی سکول میں زیرتعلیم تھیں جب انہوں نے الٹراوائلیٹ روشنی سے ایسکلیٹر پر سہارے کے لیے لگائی گئی ہینڈریلنگ کو جراثیم سے پاک کرنے کا خیال پیش کیا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بچپن کی سہیلیاں نیکل اور اوبلاڈن 17 اور 18 سال کی عمر کی تھیں جب انہوں نے ایک ایسے مقابلے میں حصہ لیا جس میں نوجوان اپنی سائنسی ایجاد پیش کرتے تھے۔
اس وقت سوائن فلو کو خطرہ سمجھتے ہوئے وہ کچھ ایسا ایجاد کرنا چاہتے تھے جس سے عوامی مقامات کو جراثیم سے پاک کرنا ممکن ہوسکے۔
نیویارک سٹی کے پینے کے پانی کو صاف کرنے کے لیے الٹراوائلیٹ تابکاری کے استعمال سے متاثر ہو کر انہوں نے الٹراوائلیٹ لائٹ باکس ڈیزائن کیا جس کے ذریعے ایسکلیٹر کی ہینڈ ریلنگ پر موجود جراثیم کے ڈین این اے کو تباہ کرکے انہیں ختم کیا جاسکتا ہے۔
ہینڈ ریلنگ کو چھونے سے کسی بھی شخص میں جراثیم کی منتقلی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
یونیورسٹی سے ڈگری مکمل کرنے کے بعد انہوں نے 2016 میں ان منصوبے کے لیے جمع کی گئی رقم سے یو وی آئی ایس کی بنیاد رکھی۔
ان دونوں خواتین کے ایجادکردہ اس طریقہ کار کو اس سے پہلے شاید اتنی اہمیت حاصل نہیں تھی مگر اب کورونا وائرس کی وجہ سے یو وی آئی ایس کو دنیا بھر سے بے شمار آرڈرز موصول ہورہے ہیں۔
28 سالہ اوبلاڈن نے اے ایف پی کو بتایا کہ ' اس وبا نے یہ احساس دلایا ہے کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو یقینی بنانے اور احتیاطی تدابیر کے لیے تمام انتظامات پر بھی سرمایہ لگانے کی ضرورت ہے۔ پہلے اسے صرف اچھا سمجھا جاتا تھا مگر اب اسے بے حد ضروری سمجھا جارہا ہے۔‘
الٹراوائلیٹ لائٹ کے ذریعے ایسکلیٹر کی ہینڈ ریلنگ پر موجود جراثیم کے ڈین این اے کو تباہ کرکے انہیں ختم کیا جاسکتا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
الٹراوائلیٹ انوویٹو سولوشنز کے ذریعے ایسکلیٹر پر سہارے کے لیے لگائی گئی ریلنگ سے جراثیم کو ختم کیا جاتا ہے۔ اسے عوامی مقامات میں انفیکشن کے پھیلاو کا سب سے بڑا ذریعہ بھی سمجھا جاتا ہے۔
ہینڈ ریلنگ کو چھونے سے کسی بھی شخص میں جراثیم کی منتقلی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے تاہم، انہیں ہاتھ لگائے بغیر چلتی سیڑھیوں پر خود کو کھڑا رکھنا بھی آسان نہیں کیونکہ اس سے گرنے کا بھی خطرہ ہوتا ہے۔
ایسکلیٹر کی ریلنگ پر الٹراوائلیٹ سی لائٹ کی تابکاری سے اس پر موجود تمام جراثیم مر جاتے ہیں۔