Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں مسلسل تیسرے روز دو ہزار سے زائد ہلاکتیں

امریکہ کے بعد اٹلی سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں 27 ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ میں مسلسل تیسرے دن کورونا وائرس سے دو ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد مختلف ریاستوں میں مرنے والوں کی تعداد 63 ہزار کے لگ بھگ ہو گئی ہے جو دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک سے دو گنا سے بھی زیادہ ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار 53 مریضوں کی موت واقع ہوئی جبکہ بدھ کو یہ تعداد دو ہزار 52 اور منگل کو دو ہزار 227 تھی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے بارے میں کہا ہے کہ یہ ووہان کی ایک لیبارٹری میں تیار کیا گیا ہے اور یہ کہ انہوں نے اس حوالے سے ثبوت دیکھے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے جمعرات کو کہا کہ 'ان کے پاس اس بات کا ثبوت ہے کہ 'یہ وائرس ووہان کی ایک لیبارٹری میں تیار کیا گیا۔'
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک دو لاکھ 33 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 32 لاکھ 59 ہزار سے زیادہ ہے۔
وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں معیشتوں کو جھٹکا لگا ہے اور سپین نے کہا ہے کہ رواں برس اس کے جی ڈی پی کی شرح کم رہے گی جبکہ اے ایف پی کے مطابق جمعے کو کاروبار کے آغاز پر لندن سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان رہا۔

اٹلی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد لگ بھگ 28 ہزار ہوگئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اے ایف پی کے مطابق کورونا وائرس کے سب سے زیادہ متاثرہ افراد امریکہ میں ہیں جن کی تعداد دس لاکھ 70 ہزار سے زائد ہے۔
اٹلی میں کورونا سے مرنے والے افراد کی تعداد 27 ہزار 900 سے زائد ہے جبکہ برطانیہ میں 26 ہزار 771 اور سپین میں 24 ہزار 500 سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد دس لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔

شیئر: