Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحیرہ احمر کے جزیروں پر سیاحتی منصوبے

ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنیک کا  استعمال کیا جائے گا۔ (فوٹو واس)
سعودی عرب میں پبلک انوسٹمنٹ فنڈ کے زیر تحت ریڈ سی ڈویلپمنٹ کمپنی نے سیاحتی مقاصد کے تحت بحیرہ احمر کے ساحل کے قریب چار مختلف چھوٹے جزیروں پر منفرد جدید منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ان منصوبے کے تحت سیاحت کو فروغ دینے کے لیے تمام جزیروں پر مختلف ہوٹل، ریستوران اور پانی پر تیرتی ہوئی مختلف خوبصورت عمارتیں  بنائی جائیں گی۔

غوطہ خوروں کے ساتھ مل کر محتاط جائزہ لیا جا رہا ہے۔( فوٹو واس)

ریڈ سی ترقیاتی کمپنی کے سی ای او جان پگانو نے واضح کیا ہے کہ ایک منفرد ماسٹر پلان کے مطابق ان جزیروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کے بنیادی امور کے تعین میں تین ہفتے کا وقت لگے گا۔
اس میں پانی میں تیرتے ہوئے ریزارٹس، ریستوران اور دو پرتعیش ہوٹل کے قیام کی جگہ کا تعین کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت شہ بارہ ساؤتھ اور امھات الشیخ جزیروں میں ایک، ایک لگژری ہوٹل تعمیر کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پانی کے اوپر تیرنے والی عمارتوں کا قیام ایک اہم سنگ میل تابث ہوگا جس کا مقصد سیاحتی مقامات اور سمندری منصوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔

منفرد ماسٹر پلان کے مطابق ان جزیروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)

ان سیاحتی اور تجارتی عمارتوں کے قیام کے دوران جہاں سیاحوں کے لیے دلچسپی برقرار رکھی جائے گی وہاں ان تعمیرات کے نتیجے میں ماحولیاتی آلودگی  بھی کم سے کم پیدا ہوگی۔
سعودی عرب کے ان چار سیاحتی جزائر تک سیاحوں کی رسائی یقینی بنانے کے لیے کشتیوں کا استعمال کیا جائے گا۔

عمارتوں کی تعمیر میں سیاحوں کی دلچسپی برقرار رکھی جائے گی۔ (فوٹو عرب نیوز)

اس ضمن میں پروجیکٹ کے آس پاس کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے کشتی بانوں ، سرویئرز، ٹیکنیشنز، تعمیراتی ٹیموں اور غوطہ خوروں کے ساتھ مل کر محتاط جائزہ لیا جا رہا ہے۔
 کمپنی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اس منصوبے میں ماحولیاتی آلودگی کم سے کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنیک کا استعمال کیا جائے گا۔

شیئر: