’امید ہے آپ عامر لیاقت کو معاف کردیں گے‘
عامر لیاقت ماضی میں بھی اپنے ٹاک شو اور ٹویٹس کی وجہ سے تنازعات کا شکار رہے ہیں (تصویر: فیس بک )
مذاق کرنا بھی ایک ہنر ہے جو شاید ہر کسی کے بس کی بات نہیں مذاق ضرور کیجیے مگر اتنا دھیان رکھنا چاہیے کہ مذاق کرنے اور مذاق اڑانے کا فرق آپ کو معلوم ہو۔ کچھ ایسا ہی مذاق نجی ٹی وی کے انٹرٹینمنٹ کے پروگرام جیوے پاکستان میں کیا گیا جس میں ڈاکٹر عامر لیاقت نے معروف اداکار عدنان صدیقی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دو انسان بچ گے ایک رانی مکھر جی اور ایک بپاشا۔
اس کے بعد انہوں نے عدنان صدیقی سے سوال کیا کہ پوچھیں کیسے بچ گئے؟
جس کے جواب میں عدنان صدیقی نے جواب دیا کہ مجھے نہیں پتا کیسے بچ گئے۔ اس پر عامر لیاقت نے کہا کہ ’آپ نے موم فلم میں کام کیا سری دیوی کا انتقال ہو گیا۔ آپ نے عرفان خان کے ساتھ کام کیا ان کا بھی انتقال ہو گیا۔ اب آپ کو مردانی ٹو فلم میں آفر ہوئی تھی آپ نے کام نہیں کیا ورنہ وہ بھی جاتیں۔ اور اس کے علاوہ آپ کو جسم ٹو فلم میں بھی آفر ہوئی تھی آپ نے کام نہیں کیا تو یہ دونوں رانی مکھر جی، بپاشا کی زندگیاں آپ کی بدولت ہیں۔ باہر آپ جس کے ساتھ کام کرتے ہیں وہ چلا جاتا ہے۔‘
عامر لیاقت کی اس گفتگو پر عدنان صدیقی نے کہا کہ ’آپ اسے مذاق میں لے رہے ہیں لیکن یہ دونوں اداکار میرے بہت قریب ہیں اور عرفان صاحب کا تو حال ہی میں انتقال ہوا ہے۔‘ اس کے بعد عدنان صدیقی نے بتایا کہ ’ہاں مجھے دو فلموں مردانی 2، جسم 2 میں آفر ہوئی تھی لیکن میں نے نہیں کیں۔‘
اس پروگرام کا یہ کلپ سوشل میڈیا پر بھی شئیر کیا جا رہا ہے۔ زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین کو یہ مذاق بالکل پسند نہیں آیا اور وہ ڈاکٹر عامر لیاقت پر تنقید کر ر ہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف حسن چودھری نے لکھا کہ شرم آتی ہے ان تمام لوگوں پر جو عامر لیاقت جیسے لوگوں سے پروگرام کرواتے ہیں اور شرم آنی چاہیے ان سامعین پر جو اس مذاق پر تالیاں بجاتے رہے۔
عدنان صدیقی نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر سکرین شٹاس میں لکھی تحریر کے ذریعے اپنے جذبا ت کااظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ اپنے جذبات کا اظہار کیسے کروں لیکن مجھے یہ بتانا ہے مجھے جیوے پاکستان شو پر دعوت دی گئی تھی جہاں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ اینکر عامر لیاقت صاحب نے انتہائی حساس چیز کے بارے میں مذاق کیا، وہ دونوں نہ صرف میرے بہت قریب تھے بلکہ انسانیت کے لحاظ سے بھی یہ قدرے غلط تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ایک انتہائی افسوس ناک اور بدمزہ مذاق تھا اس سے نہ صرف عامر لیاقت کا اپنا اور میرا بلکہ ملک کا نام بھی خراب ہوا ہے۔‘
’میں سری دیوی اور عرفان خان کے خاندانوں سے اس پر معافی مانگتا ہوں۔ اگر آپ پروگرام میں میری باڈی لینگوچ دیکھیں تو میں اس سے بہت بے چین ہو گیا تھا مجھے افسوس ہو رہا ہے کہ میں اس پروگرام میں گیا۔ امید تھی کہ یہ زیادہ نہ پھیلیے مگر بدقسمتی یہ بات عام ہو چکی ہے۔‘
ٹوئٹر پر ڈاکٹر عامر لیاقت کی ایک ویڈیو بھی دیکھنے کو مل رہی ہے جس میں وہ اپنی غلطی کی وضاحت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’کل کے شو میں کچھ باتیں ایسی ہو گئی تھی جو سبقت لسانی سے ہو گئی تھیں سبقت لسانی کہتے ہیں جب آپ الفاظ پر قابو نہ رکھ پائیں۔ لائیو شو میں اکثر ایسا ہو جاتا ہے انسانیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا۔‘
’میں معذرت خواہ ہوں۔ پڑوسی ملک کے اداکار ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔ معافی مانگنے والا بڑا ہوتا ہے میں معافی مانگتا ہوں مجھے امید ہے آپ اپنے عامر لیاقت کو معاف کر دیں گے۔‘