'آپ پاکستان ہجرت کر جائیں' کانگرسی رہنما پر سخت تنقید
'آپ پاکستان ہجرت کر جائیں' کانگرسی رہنما پر سخت تنقید
جمعرات 7 مئی 2020 11:11
نغمہ مورارجی کی ٹویٹ پر انڈیا کے سوشل میڈیا صارفین سیخ پا ہوگئے (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈیا میں اپوزیشن جماعت کانگریس کی رہنما نغمہ مورارجی اس وقت سوشل میڈیا صارفین کے نشانے پر آگئیں جب انہوں نے بھارتیا جنتا پارٹی کے ترجمان پر تنقید کی تھی۔
انڈیا کے نجی ٹیلی ویژن چینل کے ایک ٹاک شو میں بھارتیا جنتا پارٹی کے ترجمان سمبت پاترا اور پاکستان کے دفاعی تجزیہ کار طارق پیرزادہ کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔
اس ٹاک شو میں انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں انڈین فوجی اہلکاروں کی کارروائی کے دوران حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف ریاض نیکو کے مارے جانے پر بحث کی جا رہی تھی۔
بی جے پی کے سینیئر ترجمان سمبت پاترا نے کہا کہ 'طارق پیرزادہ پیر کم اور مجاہد زیادہ ہیں، ان کے پاس صرف ایک ہی سوٹ ہے جیسے ہی انہیں ٹی وی پر بلایا جاتا ہے یہ وہی سوٹ پہن کر بیٹھ جاتے ہیں۔'
سوشل میڈیا پر ان کی ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے پاکستان میں کھانے کو نہیں مل رہا اور یہ بھیک مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے طارق پیرزادہ کو یہ تک کہہ دیا کہ 'سکائپ کے زیادہ پاس مت آئیں بچے دیکھ کر ڈر جاتے ہیں۔'
انہوں نے شو میں شریک پاکستانی صحافی مونا عالم کو بھی کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ 'مونا جی ہیں تو صحافی لیکن ان کا قلم حافظ سعید کا ہے، اس لیے وہ دہشت گردوں کے حق میں بول رہی ہیں۔'
انڈیا کی سابق اداکارہ نغمہ مورارجی جو کانگریس کی رہنما ہیں، نے اپنی ٹویٹ میں بی جے پی رہنما کے اس طرز گفتگو پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے لکھا کہ 'مجھے یقین نہیں آ رہا کہ بی جے پی کے ترجمان پاکستانی شخص طارق پیرزادہ کے لیے کیسی زبان استعمال کر رہے ہیں۔
نغمہ نے پروگرام کی میزبان کو بھی ساتھ مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ 'وہ انہیں ایسا کرنے کی اجازت بھی دے رہی ہیں اور مسلسل پاکستان کی خاتون صحافی کی بات کے درمیان میں بولا جا رہا ہے۔'
انہوں نے مزید لکھا کہ 'اگر آپ نے صرف تذلیل ہی کرنا ہوتی ہے تو انہیں مدعو ہی کیوں کرتے ہیں۔'
نغمہ کی اس ٹویٹ پر انڈیا کے سوشل میڈیا صارفین سیخ پا ہوگئے اور ان کو پاکستان کی حمایتی قرار دے دیا۔ انڈیا میں اس وقت NagmaStandWithPakistan# کے پیش ٹیگ کے ساتھ ٹرینڈ چل رہا ہے۔
سریش نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ 'جب سمبت پاترا نے پاکستانی نمائندوں کی کلاس لی تو نغمہ کو مرچی لگی۔'
ایک اور صارف ریشب نے انہیں پاکستان ہجرت کر جانے کا مشورہ دے دیا۔
سشما سنگھ نامی صارف نے لکھا کہ 'وہ ہمارے فوجیوں کو قتل کر رہے ہیں اور آپ چاہتی ہیں کہ ہم ان سے نرم لہجے میں بات کریں۔ وہیں چلی جائیں نا۔'
ایک اور صارف بھاویش وورا نے لکھا کہ 'شاید آپ نے اسے ٹھیک سے نہیں سمجھا۔ ہم پاکستان کے ساتھ اب امن امن نہیں کھیل رہے ہاں پر کیا کریں مجبوری ہے وفاداری تو نبھانا ہوگی نا۔'