نرسوں کی زندگی: ’ایک ساتھ ہنستے، ایک ساتھ روتے ہیں‘
12 مئی کو نرسوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
لبنان کے دارالحکومت بیروت کے ایک ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کی خدمت پر فائز نرسیں اپنی ڈیوٹی کے دوران پیش آنے والے واقعات کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرتی رہی ہیں۔
ان میں سے چند تصاویر کا انتخاب خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے اپنے ایک فوٹو پراجکٹ کے لیے کیا ہے۔ ان تصاویر کا مقصد نرسوں کے عالمی دن کے موقع پر ان کو خراج تحسین پیش کرنا اور کورونا سے فرنٹ لائن پر لڑنے کی جدوجہد کو اجاگر کرنا ہے۔
ان تصاویر میں ان مختلف لمحات کو دیکھا جا سکتا ہے جو گزشتہ دو ماہ کے دوران ان نرسوں کی زندگی میں آئے۔ کہیں وہ عبادت میں مشغول ہیں، تو کہیں تھکن کے باوجود اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑی فرائض سرانجام دینے پر فخر محسوس کر رہی ہیں۔
فراغت کے چند لمحات میں ایک نرس اپنی دیگر کولیگز کو گیٹار بجا کر محظوظ کر رہی ہے۔ ان میں سے اکثر نرسوں کو اپنے گھر والوں سے ملے ہفتوں گزر گئے ہیں۔
ہسپتال کی نرسیں پادری کے ساتھ مل کر عبادت اور دعا میں مصروف ہیں۔ ہسپتال کی ہیڈ نرس نے اے ایف پی کو بتایا کہ لوگوں کو اندازہ نہیں ہے کہ نرسیں کن مشکلات سے گزرتی ہیں۔ وہ کورونا کے مریضوں کی ان کی فیملی کی غیر موجودگی میں مکمل دیکھ بھال کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
ایک نرس نے گھر والوں کو یاد کرنے کی غرض سے ان کی تصاویر ہسپتال کی کھڑکی پر سجا رکھا ہے۔ ہیڈ نرس کا کہنا تھا کہ تمام کولیگز خوشی اور غم کے لمحات ایک دوسرے کے ساتھ ہی گزارتے ہیں، ایک ساتھ ہی ہنستے ہیں، اور ایک ساتھ ہی روتے ہیں۔ ’اس دوران ہم نے بہت کچھ سیکھا۔‘
نرسیں ماؤں کے عالمی دن کے حوالے سے اور ہمت بندھانے والے پیغامات ہاتھ میں تھامے کھڑی ہیں۔
بیروت کے ہسپتال کے طبی عملے کی کورونا کے ایک مریض کے ساتھ ایک یادگار تصویر کھچھوائی ہوئی ہے۔
نرسیں کورونا مریض کے ساتھ مل کر عبادت اور صحتیابی کی دعا کر رہی ہیں۔
ایک اور نرس اپنی فیملی کی تصاویر سجائے اپنے کولیگ کے ساتھ عبادت میں مشغول ہے۔ نرسوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ خدمات سرانجام دیتی رہیں گی لیکن لوگوں کو احتیاط برتتے ہوئے گھروں تک ہی محدود رہنا چاہیے۔