'مصباح اور یونس کی ریٹائرمنٹ پر آنکھوں میں آنسو آگئے تھے'
'مصباح اور یونس کی ریٹائرمنٹ پر آنکھوں میں آنسو آگئے تھے'
جمعرات 14 مئی 2020 10:51
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیت کر تاریخ رقم کی تھی (فوٹو: سوشل میڈیا)
کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والے سوشل میڈیا صارفین پاکستان کرکٹ ٹیم کی ویسٹ انڈیز کے خلاف تاریخی فتح کو یاد کرتے ہوئے مصباح الحق اور یونس خان کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
آج سے تین سال قبل یعنی 14 مئی 2017 کو پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 101 رنز سے شکست دی تھی۔
ڈومینیکا کے ونڈسر سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم دوسری اننگز میں 304 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 202 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
اس شاندار جیت کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین ان دو لیجنڈری کرکٹرز کی کھیل کے میدان میں شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس تاریخی دن کی تصاویر شیئر کررہے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ نے ٹویٹ میں لکھا کہ 'آج کے دن دو عظیم کھلاڑی مصباح الحق اور یونس خان ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے۔
احسن نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ 'آج کے دن 2017 کو دو لیجنڈری کھلاڑی مصباح الحق اور یونس خان کو الوداع کہا گیا۔ مشکل وقت میں ان دونوں کھلاڑیوں کی پاکستان کرکٹ کے لیے بڑی خدمات ہیں۔
ایک اور صارف رافع نے لکھا کہ 'ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی کارکردگی بدترین ہوگئی تھی۔ مصباح اور یونس نے پاکستان کی کامیابی کے لیے بڑا کردار ادا کیا۔
احمد نامی صارف نے اس ٹیسٹ کرکٹ سے جڑی اپنی یادیں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'اگلے دن میرے بورڈ کا امتحان تھا اور میں دیوانوں کی طرح یہ میچ دیکھ رہا تھا۔ مصباح اور یونس کو ریٹائر ہوتا دیکھ کر میری آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔ کیا میچ تھا!'
ایک اور صارف جبران صدیقی نے لکھا کہ 'اس ٹیسٹ میچ کی سب سے یادگار بات یہ تھی کہ یہ مصباح اور یونس خان کا آخری میچ تھا۔ کیا زبردست طریقے سے الوداع کیا گیا۔'