Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا بل گیٹس کورونا کے پھیلاؤ کے ذمہ دار؟

بل گیٹس پر 15 فیصد آبادی کو ختم کرنے کی کوششوں کے بھی الزامات لگائے جا چکے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
مشہور امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائکروسافٹ کے بانی اور ایک فلاحی ادارہ چلانے والے بل گیٹس کے بارے میں افواہ ساز یہ کہانیاں پھیلا رہے ہیں کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں ان کا ہاتھ ہے، جس پر ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات سے وائرس کو ختم کرنے کے کام میں خلل پیدا ہو سکتا ہے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق  سوشل میڈیا یر سازشی کہانیاں بنانے والوں کی جانب سے پھیلائی گئی جعلی خبریں اور تصاویر مختلف زبانوں میں گردش کر رہی ہیں، جن میں یہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بل گیٹس کی وجہ سے کورونا وائرس پھیلا ہے۔
واضح رہے کہ بل گیٹس نے کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے 25 کروڑ ڈالر کی امدادی رقم کا وعدہ کیا ہے۔
صحافیوں کی تربیت کرانے والے ’فرسٹ ڈرافٹ‘ نامی تحقیقی ادارے کے ریسرچ مینیجر روری سمتھ کا کہنا ہے کہ 'بل گیٹس ہمیشہ سے مخصوص سازشی کمیونٹیوں کا ہدف رہے ہیں۔'
اے ایف پی کے مطابق یوٹیوب پر ایک ویڈیو کو کروڑوں لوگوں نے دیکھا ہے جس میں بل گیٹس پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ دنیا کی 15 فیصد آبادی کو ویکسینیشن اور الیکٹرانک مائیکرو چپس سے مٹا دینا چاہتے ہیں۔
ادھر عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ خوف اور پریشانی میں وائرس سے متعلق پھیلائی جانے والی غلط خبروں کو بھی ختم کیا جائے۔
کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں تین لاکھ 15 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق حال ہی میں فائیو جی نیٹ ورکس اور ہنگری نژاد امریکی ارب پتی جارج سوروس پر بھی کووڈ 19 کو تحلیق کرنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

شیئر: