’اس عید پر گلے نہ ملیں، نماز گھر پر ادا کریں‘
کورونا متاثرین کی تعداد پچاس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اس عید پر نماز گھر میں پڑھیں اور گلے ملنے سے پرہیز کریں۔
’ہم یہ نہیں کہتے کہ ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد نہ دیں، ضرور دیں مگر سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے۔‘
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ عید کے موقع پر بھی مساجد کے لیے وہی احتیاطی تدابیر ہیں جو تراویح اور دیگر نمازوں کے لیے تھیں۔
جمعے کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا کے کیسز میں اضافہ تشویشناک ہے، اس لیے ضروری ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ماسک پہننا یا نہ پہننا اپنی مرضی تھی، لیکن اب تمام عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہے۔
’پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہوئے بھی ماسک پہنیں، آپ بھی محفوظ رہیں گے اور دوسرے بھی۔‘
انہوں نے کہا کہ بیماری اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریب طبقہ بہت متاثر ہوا ہے اس لیے ان کو عید کے موقع پر یاد رکھیں۔
’اسی طرح سے مدد کی جائے کہ ان کی عزت نفس کو ٹھیس نہ پہنچے۔‘