Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پی ٹی آئی شاہین رضا کی پہلی اور آخری سیاسی جماعت تھی‘

شاہیں رضا سماجی کاموں میں بہت زیادہ سرگرم تھیں۔
پاکستان کی حکمران جماعت تحریک انصاف کی صوبائی رکن اسمبلی شاہین رضا کورونا کے باعث انتقال کر گئی ہیں۔ شاہین رضا کا تعلق پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے تھا۔
گوجرانوالہ کے ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شاہین رضا 17 مئی کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں سانس کی بیماری کے سبب لایا گیا تو ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد انہیں فوری طور پر میو ہسپتال لاہور پہنچایا گیا دو دن وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد ان کا انتقال ہو گیا۔
شاہین رضا کی عمر 70 برس تھی۔ انہوں نے کچھ عرصہ صحافت کرتے ہوئے بھی گزارا۔
گوجرانوالہ کے ایک صحافی ملک اکرم کے مطابق شاہین رضا نے صحافت کے ساتھ ساتھ صحافتی سیاست میں بھی حصہ لیا۔
’وہ کافی عرصہ روز نامہ نوائے وقت سے منسلک رہیں۔ اور گوجرانوالہ پریس کلب کی سرگرم رکن تھیں۔ بلکہ ایک دفعہ کلب سیاست میں اتفاق رائے ختم ہونے کی وجہ سے انہیں کچھ وقت کے لئے پریس کلب کا صدر بھی بنایا گیا۔ گویا کہ وہ بہت قلیل مدت کے لئے رہیں لیکن وہ پہلی خاتون صحافی تھیں جنہیں گوجرانوالہ پریس کلب کی صدارت کا اعزاز حاصل ہوا۔‘
ملک اکرم اپنی یاداشت اکھٹی کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ ’شاہین رضا کی ایک خوبی سب سے الگ تھی وہ انتہا درجے کی سماجی کارکن تھیں اور ان کی ساری زندگی لوگوں کی خدمت کرتے گزری اور شاید یہی وجہ تھی کہ انہوں نے شادی بھی نہیں کی۔‘

شاہین رضا کورونا سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے بھی بہت سرگرم تھیں۔

’وہ کہتی تھیں کہ شادی کر کے وہ اپنی ذمہ داریوں میں اضافہ کر لیں گی۔ گوجرانوالہ کا شاید ہی کوئی شخص ہو جو شاہین رضا کو نہ جانتا ہو۔‘  انہوں نے بتایا کہ شاہین رضا کی ترجیح کبھی بھی سیاست نہیں رہی۔ یہ ان کے سماجی کام تھے جس کی وجہ سے تحریک انصاف نے گوجرانوالہ میں ان کو جماعت میں شمولیت کی دعوت دی تو انہوں نے انکار نہیں کیا۔
بعد ازاں خواتین کی مخصوص نشست پر انہیں ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب بھی منتخب کروایا۔ ’یہ شاہین رضا کی پہلی آخری سیاسی جماعت تھی۔ ایم پی اے منتخب ہونے کے بعد انہوں نے سماجی کاموں کو اور وسیع کیا ابھی کورونا ریلیف فنڈ میں وہ ہر جگہ خود جا کر نہ صرف راشن تقسیم کروا رہی تھیں بلکہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر لوگوں میں کورونا وائرس کہ آگاہی مہم کا بھی حصہ تھیں۔ اور انہی سماجی کاموں کے دوران وہ خود بھی کورونا کا شکار ہو گئی اور اب ہم سے ہمیشہ کے لئے جدا ہو گئی ہیں۔‘
شاہین رضا کی وفات پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سمیت دیگر سیاسی راہنماوں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ شاہین رضا کو گوجرانوالہ میں ان کے آبائی قبرستان میں دفن کیا گیا ہے۔

شیئر: