’یہ لوگ کہتے ہیں میں سیاست کرتا ہوں، بالکل کرتا ہوں لوگوں کو کورونا سے بچانے کے لیے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے جو فیصلے کیے سب نے ان پر عمل کیا، اگر غلط ہوتے تو کوئی عمل نہیں کرتا۔
مراد علی شاہ نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب ہم بیماری کے حوالے سے خدشات کا ذکر کرتے تو کہا جاتا یہ ڈرا رہے ہیں، جبکہ خود اپنی تقریروں میں بھی یہی کہتے ہیں کہ یہ یہ تباہی ہو رہی ہے۔
مراد علی شاہ نے غلط اعدادوشمار کی جانب اشارہ کیا تو ایک صحافی نے کہا مس رپورٹنگ ہوئی ہے، جس پر مراد علی شاہ بولے ’مس رپورٹنگ نہیں بلکہ فراڈ ہوا ہے، اس پر مزید بات پھر کبھی کروں گا۔‘
انہوں نے صوبے میں کورونا کی تازہ ترین صورت حال بتاتے ہوئے کہا کہ اب تک 336 مریض ہلاک ہوئے ہیں، 20 رینجرز اور دو سو چوہتر پولیس اہلکار متاثر ہوئے جب کہ سات ڈاکٹر ہلاک ہوئے.
’گذشتہ 24 گھنٹے میں مزید 20 افراد ہلاک جبکہ نو سو 60 نئے کیس سامنے آئے، 680 صحت یاب ہوئے۔‘
انہوں نے کہا اپنی عید ڈاکٹرز، پولیس اور دیگر فرنٹ لائن پر رہنے والے افراد کے نام کرتا ہوں۔
انہوں نے اپیل کی عید سادگی سے منانے کا قومی اعلان کیا جائے۔
مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ دوران ڈیوٹی وفات پا جانے والے پولیس اہلکاروں کی طرح ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو بھی خصوصی پیکیج دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا ہماری مخالفت کرنے والے بھی اب کہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن کا فائدہ ہوا۔
’ہم کہتے ہیں کہ ہمارے فیصلے سے پورے پاکستان کو فائدہ ہوا۔‘
مراد علی شاہ نے کہا کہ بڑے شہروں اور گنجان آباد علاقوں میں کیسز زیادہ ہیں دیہاتوں میں صورت حال بہتر ہےْ’ ’میں سب سے کہتا ہوں کہ عید پر اپنے گاؤں مت جائیں، اس طرح یہ بیماری وہاں تک بھی پھیل سکتی ہے۔‘
ٹرینیں چلانے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم اس کے خلاف تھے اور اب بھی اس پر قائم ہیں مگر ریلوے وفاقی سبجیکٹ ہے اس لیے اسے چلا دیا گیا۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس ہمارے ہیرو ہیں ہمیں ان کو عید کا تحفہ دینا چاہیے۔
’عید کے لیے سب سے بہترین تحقہ ہے کہ گھروں پر رہیں‘