Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کورونا سے ہلاکتیں چین سے زیادہ

انڈیا میں ایک لاکھ 65 ہزار 799 شہری کورونا سے متاثر ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
انڈیا میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات ہمسایہ ملک چین میں کل ہلاکتوں کی تعداد سے تجاوز کر گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے ’اے یف پی‘ کے مطابق انڈیا میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں 175 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 706 ہو گئی ہے۔ جبکہ چین سے فی الحال کوئی نئے کیسز یا ہلاکتیں رپورٹ نہیں ہوئی ہیں۔ 
انڈیا کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 65 ہزار 799 شہری کورونا سے متاثر ہیں، جن میں سے 36 فیصد ریاست مہاراشٹر کے رہائشی ہیں۔
ریاست مہاراشٹر کا دارالحکومت ممبئی، انڈیا کی معاشی سرگرمیوں کا مرکز بھی سمجھا جاتا ہے۔ کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں میں سے 42 فیصد کا تعلق ریاست مہاراشٹر سے تھا۔
انڈیا کے مقابلے میں چین میں اب تک 4 ہزار 634 چینی شہری ہلاک جبکہ 82 ہزار 995 متاثر ہوئے ہیں۔
انڈیا کے گنجان آباد شہروں اور ناقص نظام صحت کے باعث کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
انڈیا میں کورونا کے کیسز  میں اضافے کے باوجود لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کی گئی ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو بحال کیا جا سکے۔

کورونا سے ہلاک ہونے والوں میں 42 فیصد کا تعلق ریاست مہاراشٹر سے تھا۔ فوٹو اے ایف پی

انڈیا کے وزیر داخلہ امت شاہ کے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کے حوالے سے مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ مذاکرات بھی متوقع ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے تین لاکھ 60 ہزار 860 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ متاثرین کی تعداد 58 لاکھ 31 ہزار 165 ہو گئی ہے۔
کورونا سے شدید متاثر ہونے والے ملک امریکہ میں اب تک ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد شہری ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 17 لاکھ 21 ہزار 926 متاثر ہیں۔
امریکہ کے بعد برازیل میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جہاں متاثرین کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
جنوبی کوریا میں کورونا پر قابو پانے کے بعد ایک بار پھر وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس کے بعد سماجی فاصلے قائم رکھنے کے لیے پابندیاں سخت کر دی ہیں۔

شیئر: