مطلوبہ معاملے کی درخواست ایک ہی بار ارسال کی جائے(فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی ڈائریکٹریٹ جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کا کہنا ہے کہ آن لائن خدمات میں ’رسائل و طلبات‘ کا آپشن بدستور کام کر رہا ہے۔ یہ سہولت کرفیو اور مکمل لاک ڈاون کے دوران فراہم کی گئی تھی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے جوازات کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ کرفیو اور لاک ڈاون کے دوران جب مملکت میں مقیم افراد کی سہولت کے لیے آن لائن سروس ابشر اور مقیم پر ’پیغامات اور ڈیمانڈ‘ (رسائل و طلبات) کا آپشن لانچ کیا گیا تھا۔
اس کا مقصد ان لوگوں کو سہولت فراہم کرنا تھا جن کے آن لائن اقاموں کی تجدید یا دیگر معاملات کی تکمیل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔
شہریوں اور لوگوں کو دشواری سے بچانے اور ان کے معاملات بروقت حل کرنے کے لیے شروع کی جانے والی سروس ’رسائل‘ کے ذریعے کافی لوگوں کو سہولت ہوئی تھی۔
جوازات کا کہنا ہے کہ آن لائن ’پیغامات اور ڈیمانڈ ‘ کی سروس جاری ہے۔ اس سے ابھی بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ سروس سے استفادے کے لیے جوازات کی جانب سے جو طریقہ کار متعارف کرایا گیا تھا اس کے تحت کوئی بھی صارف جس کا اکاونٹ ’ابشر‘ یا ’مقیم ‘ پر ہے وہ اپنے اکاونٹ پر لاگ ان کرنے کے بعد وہاں ’خدماتی‘ مائی سروسز کے آپشن پر کلک کرے جہاں مذکورہ سروس ’الرسائل و الطلبات ‘ کا آپشن موجود ہے۔
یاد رہے مذکورہ سروس اقاموں کی تجدید و دیگر مسائل کی انجام دہی کے علاوہ مختلف قسم کے ویزوں، پاسپورٹ کی معلومات منتقلی، نقل کفالہ کے مسائل کے علاوہ مملکت میں پیدا ہونے والے بچوں کے اندراج کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
جوازات کا کہنا ہے کہ سابقہ ہنگامی حالات کے حوالے سے شروع کی جانے والی سروس جاری ہے تاکہ لوگ اس سے مستفیض ہو تے ہوئے اپنا وقت بچا سکیں۔
واضح رہے سروس کے حصول کے لیے یہ ضروری ہے کہ جس کا مسئلہ ہو وہ اپنے ابشر اکاونٹ کے ذریعے ہے جوازات کو مخاطب کر سکتا ہے۔ جوازات میں موجود اہلکار اس آپشن پر آنے والے پیغامات یا کی جانے والی درخواست کا مطالعہ کرنے کے بعد انہیں حل کرتے ہیں۔
جوازات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مذکورہ آپشن پر ایک پیغام ایک ہی بار ارسال کیاجائے۔ بار بار ایک ہی مسئلہ بیان کرنے سے معاملہ الجھ جاتا ہے۔ اس لیے ایک ہی معاملہ بار بار ارسال کرنے سے اجتناب برتیں۔