Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'کتے پالنے کا شوق ہو تو انہیں لگام دینا بھی سیکھیں'

پولیس نے اپنی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بچے پر حملہ کرنے والے پالتو کتے کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں ایک پارک میں پالتو کتے نے ایک بچے پر حملہ کردیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی گردش کررہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کتے نے بچے کی ٹانگ منہ میں دبوچ رکھی ہے اور کچھ نوجوان اسے چھڑانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تھانہ اقبال ٹاون میں درج ایف آئی کے مطابق عمران رئیس نامی شہری اپنے دو پالتو کتوں کے ساتھ پارک میں آیا جہاں ایک کتا بے قابو ہو کر پاس سے گزرتے بچے پر حملہ آور ہو گیا۔
کتے کے حملے سے  بچہ زخمی ہو گیا اور اسے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔  
پولیس کے مطابق بچے کے والدین نے کتے کے مالک عمران رئیس کو معاف کر دیا ہے تاہم پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم اس وقت حراست میں ہے۔

یہ واقعہ منگل دو جون کو شام کے وقت پیش آیا جس کے بعد ڈالفن فورس (ایمرجنسی ریسپانس فورس ) نے بچے کے گھر پھول بھجوائے جس کی تصاویر اور ویڈیوز بھی جاری کی گئیں۔
سوشل میڈیا صارفین ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے واقعے پر غصے کا اظہار کررہے ہیں اور کتے کے مالک کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

صحرا نورد کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ'کتے پالنے کا شوق ہو تو ان کو لگام دینا بھی سیکھیں.اس بچے کا کیا قصور تھا؟'

اقرا رفیق نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ 'غریب شہر مر رہا فاقوں سے،امیر شہر کے کتے بھی راج کرتے ہیں۔ غبارے بیچنے والا بچہ اقبال ٹاون لاہور فیملی پارک مون مارکیٹ امیر زادے کے پالتو کتوں کا شکار بن گیا کیا اس کے خلاف پولیس مقدمہ درج نہیں کرے گی اب چند ہزار دے کر امیر زادہ بچ جائے گا۔ '

ایک اور صارف عامر علی ورک نے تجویز دی کہ 'پارک میں کتوں کا داخلہ منع ہونا چاہیے۔'

انس دھلون نامی صارف نے لکھا کہ 'علامہ اقبال ٹاؤن لاہور کے پارک میں امراء کی اولادوں کے کتے نے غریبوں کے روزی کمانے والے غریب لال کو نوچ ڈالا۔ ہم آواز نہیں اُٹھائیں گے تو یہ کُتے کھُلے عام پھرنے لگیں گے، ہماری آواز ان کتوں کو لگام ڈالے گی اور ان نوچے گئے بچوں کو امداد دلوائے گی ہمیں آواز اُٹھاتے رہنا ہے۔'

شیئر: