ٹرمپ نے کہا کہ وہ بنکر میں چھپنے نہیں گئے تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے باہر جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران بنکر میں چھپنے کی میڈیا رپورٹس کی تردید کی ہیں۔
فاکس نیوز ریڈیو سے بدھ کو اس بارے میں بات کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایک جھوٹی خبر تھی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ ایک محفوظ جگہ گئے تھے لیکن بہت ہی تھوڑی دیر کے لیے۔
نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے کہا تھا کہ سیکرٹ سروس باڈی گارڈز ٹرمپ کو جمعے کی رات ایک زیر زمیں بنکر میں لے گئے تھے۔ جب کہ فاکس نیوز کے مطابق ٹرمپ کو بنکر میں اتوار کو لے جایا گیا تھا۔
اس حوالے سے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ زیر زمین گئے تھے لیکن صرف دن کے وقت، رات کو نہیں، جیسا کہ میڈیا میں بتایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ صرف 'معائنے' کے لیے بنکر میں گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے معائنہ اسی لیے کیا کہ کسی نہ کسی دن اس کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
ٹرمپ کی زیر زمین بنکر میں چھپنے کی خبروں کا سوشل میڈیا پر بہت مذاق اُڑایا گیا جس کی وجہ سے انہوں نے پیر کو مظاہروں کی جگہ لافئیٹ پارک کے پاس واقع گرجا گھر کا دورہ کیا۔ سینٹ جانز چرچ کو مظاہروں کے دوران نقصان پہنچا تھا۔
فوج کی تعیناتی کے خلاف ہوں: مارک ایسپر
دوسری جانب امریکہ کے وزیر دفاع مارک ایسپر نے بدھ کو کہا ہے کہ وہ امریکہ میں مظاہروں کے روکنے کے لیے فوج کی تعیناتی کے لیے بہت ہی کم استعمال ہونے والے قانون کے نفاذ کے خلاف ہیں۔
'میں بغاوت کے قانون (انسریکشن ایکٹ) کی حمایت نہیں کرتا۔'
مارک ایسپر کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دو روز قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ مظاہروں کو ختم کرنے فوج کو تعینات کریں گے۔