ایئر لائن کی رعایت رواں برس کے اختتام تک جاری رہے گی (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے طبی اہلکاروں کی خدمات کے اعتراف میں ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ناس ایئرکی جانب سے فضائی سفر پر 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی نجی ایئر لائن سروس ’ناس ایئر‘ کے چیئرمین بندر المھنا نے کہا ہے کہ مشرق وسطٰی کی بڑی تجارتی فضائی کمپنی ناس ایئر ملکی اور بین الاقوامی پروازوں سے سفر کرنے والے تمام سعودی ڈاکٹروں، طبی عملے اور وزارت صحت کے غیر ملکی ڈاکٹروں اور تمام صحت کارکنان کو پچاس فیصد رعایت دے گی-
سبق ویب سائٹ کے مطابق المھنا نے مزید کہا کہ ناس ایئر سعودی عرب میں صحت کے عملے کو تمام پروازوں پر پچاس فیصد رعایت ان کی شاندار خدمات کے اعتراف پر دے گی-
وزارت صحت کے ماتحت ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز کے تمام سعودی اور غیرملکی ڈاکٹروں اور صحت عملے نے کورونا وائرس کے سعودی اور غیرملکی مریضوں کا جس ایثار و اخلاص سے علاج کیا ہے اس پر وہ ہم سب کی طرف سے شکریے کے مستحق ہیں-
ان لوگوں نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے پورے معاشرے کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے دن رات ایک کردیے- صحت عملے نے نہ اپنے آرام کی پروا کی اور نہ ہی اپنے اہل و عیال کی فکر کی- ان کا واحد مشن سعودی شہریوں اور غیرملکیوں کی صحت وسلامتی رہا-
المھنا کا کہنا ہے کہ ناس ایئر کو سعودی وزارت صحت کے مقامی اور غیرملکی عملے پر فخر ہے۔
ناس ایئر نے 31 مئی 2020 سے پروازیں بحال کردی ہیں- 50 فیصد رعایت کا فیصلہ سال رواں کی آخری تاریخ 2020 تک جاری رہے گا- صحت عملہ آن لائن ریزرویشن کرا کر 50 فیصد رعایت حاصل کرسکتا ہے- رعایت کے لیے ورکنگ کارڈ دکھانا لازمی ہوگا-