پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب اور امارات سے 44 مزید پروازیں
پیر 8 جون 2020 17:15
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
آسٹریلیا، لندن، امریکہ، ملائیشیا اور کرغستان کے لیے بھی ایک ایک پرواز شیڈول کی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
حکومت پاکستان نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک سے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے 50 مزید خصوصی پروازیں ترتیب دی ہیں۔ ان میں سے 44 پروازیں صرف سعودی عرب اور امارات سے شیڈول کی گئی ہیں۔
ان پروازوں کے ذریعے 11 سے 15 جون تک متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر اور عمان میں موجود پاکستانیوں کو اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، ملتان اور فیصل آباد لایا جائے گا۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ یہ خصوصی پروازیں پی آئی اے کے علاوہ ایمریٹس، سعودی ایئر لائینز اور قطر ایئر ویز کی جانب سے بھی چلائی جائیں گی۔
متحدہ عرب امارات سے 30، سعودی عرب سے 14، قطر سے پانچ جبکہ عمان سے ایک پرواز پاکستانیوں کو واپس لائے گی۔
اس کے علاوہ آسٹریلیا، لندن، امریکہ، ملائیشیا اور کرغستان کے لیے بھی ایک ایک پرواز شیڈول کی گئی ہے۔
اس سے قبل حکومت پاکستان نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا عمل تیز کرتے ہوئے خصوصی ہروازوں میں اضافہ کیا تھا اور پی آئی اے نے یکم سے 10 جون تک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے لیے 50 سے زائد پروازیں شیڈول کی تھیں۔ جبکہ عمان، قطر اور بحرین سمیت یورپ سے بھی خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کو واپس لایا جا رہا ہے۔