جدہ سے مزید 147 پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پرواز
جدہ سے مزید 147 پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پرواز
جمعرات 28 مئی 2020 13:32
خصوصی پروازوں کے ذریعے 1200 مسافروں کو بھجوایا جا چکا ہے
پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 8764 جمعرات کو سعودی وقت کے مطابق دن گیارہ بجے جدہ سے فیصل آباد کے لیے روانہ ہوئی ہے۔ اس پرواز کے ذریعے 147 مسافروں کو سعودی عرب سے پاکستان بھیجا گیا ہے۔
جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید اور ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو نے مسافروں کو جدہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے رخصت کیا ہے۔
حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کی وباء کے باعث سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل کے مطابق پاکستانیوں کی واپسی کے لیے یہ جدہ سے چھٹی خصوصی پرواز ہے۔ خصوصی پروازوں کے ذریعے تقریبا 1200 پاکستانیوں کو اب تک وطن واپس بھجوایا جا چکا ہے۔
جدہ کے علاوہ ریاض سے بھی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاض میں سفارتخانہ پاکستان اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ، پی آئی اے کے عملے کے تعاون سےسعودی عرب سے اپنے ملک جانے والے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کر رہے ہیں۔