Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرفیو پاس، ایپلی کیشن کی خدمات میں اضافہ

’ہنگامی طبی پاس میں محلے کی قید نہیں ہوگی نہ ہی ہفتہ وار گھنٹوں کی قید ہے‘ ( فوٹو: سبق)
کرفیو پاس جاری کرنے والی ایپلی کیشن ’توکلنا‘ میں نئی خدمات کا اضافہ کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ٹوئٹر پر توکلنا ایپلی کیشن کے اکاؤنٹ میں کہا گیا ہے کہ ’شہریوں اور غیر ملکیوں کی سہولت کے لیے ہنگامی حالات کے لیے طبی کرفیو پاس جاری ہوگا۔ اس کے ذریعے کسی بھی شخص کو کرفیو کے وقت طبی امداد کی ضرورت ہو تو وہ پاس جاری کروا سکتا ہے‘۔
’طبی امداد کے ضرورت مند کے ساتھ ایک اضافی شخص کو بھی پاس دیا جائے گا جو اسے ہسپتال تک پہنچائے گا‘۔
’ہنگامی طبی پاس ایک گھنٹے کے لیے فعال ہوگا، منظوری کے بعد 15 منٹ کے اندر اسے منسوخ کیا جا سکتا ہے‘۔
’ہنگامی طبی پاس میں محلے کی قید نہیں ہوگی نہ ہی دیگر پاسز کی طرح اس میں ہفتہ وار گھنٹوں کی پابندی ہے‘۔
’ایک گھنٹے کے اندر اندر پاس جاری کرنے والے اور اضافی شخص کو ہسپتال میں ہونا چاہئے ورنہ دونوں کو جرمانہ ہو سکتا ہے‘۔
’طبی امداد حاصل کرنے کے بعد دونوں افراد گھر واپسی کے لیے ہسپتال سے پاس جاری کرا سکتے ہیں‘۔
توکلنا ایپلی کیشن نے کہا ہے کہ ’دوسری نئی سہولت طلبہ کے لیے دی گئی ہے جنہیں امتحان دینے جانا ہے وہ کرفیو کے اوقات میں بھی پاس لے کر جاسکتے ہیں‘۔

’طلبہ جنہیں امتحان دینے جانا ہے وہ کرفیو کے اوقات میں بھی پاس لے کر جاسکتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)

’طالبعلم اپنا پاس جاری کرنے کے ساتھ امتحان گاہ تک پہنچانے کے لیے کسی اور شخص کے لیے بھی پاس جاری کروا سکتا ہے‘۔
’اضافی شخص کو وقتی ڈرائیور کا پاس جاری ہوگا، پاس کی مدت امتحان میں لگنے والے وقت کے اندازے کے مطابق طے کی جائے گی‘۔

شیئر: