دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اب یہ تعداد بڑھ کر 73 لاکھ 60 ہزار 239 ہو گئی ہے جبکہ اس وبا سے اب تک 4 لاکھ 16 ہزار 201 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس سے دنیا کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکہ میں یہ تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 20 لاکھ 464 ہو گئی ہے۔ امریکہ میں یہ عالمی وبا اب تک ایک لاکھ 12 ہزار 900 افراد کی جان لے چکی ہے۔
مزید پڑھیں
-
امریکہ:'لاک ڈاؤن کھولنے سے وائرس پھیلا'Node ID: 483986
-
کورونا سے ہلاک مسلمانوں کی تدفین کے لیے جگہ کمNode ID: 483996
-
دو ہفتے سخت، دو ہفتے نرم لاک ڈاؤنNode ID: 484086
دوسری جانب امریکہ کے شہر میامی میں تین ماہ بعد بیچز کو کھول دیا گیا ہے جس پر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے جبکہ کورونا کی وجہ سے کیلی فورنیا میں سالانہ پریمیئر ڈیزرٹ میوزک فیسٹیول کوچیلا اکتوبر تک موخر کر دیا گیا ہے۔
ادھر کورونا وائرس پھیلنے کے بعد چار سابق کمیونسٹ ممالک کے وزرائے اعظم جمعرات کو ایک دوسرے سے بالمشافہ ملاقات کریں گے۔
جمہوریہ چیک، ہنگری، پولینڈ اور سلوویک کے وزرائے اعظم 750 ارب یورو کے پوسٹ وائرس ریکوری فنڈ سے متعلق تبادلہ خیال کریں گے۔
امریکہ کے بعد برازیل اس وبا سے متاثر ہونے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے جہاں اب تک 7 لاکھ 72 ہزار 416 افراد میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ 39 ہزار 680 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اس طرح لاطینی امریکہ میں ہونے والی اموات کی تعداد 70 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں روس تیسرے نمبر پر ہے جہاں 4 لاکھ 93 ہزار سے زائد مریض منظر عام پر آچکے ہیں۔ روس میں کورونا سے 6 ہزار 350 اموات بھی ہوئی ہیں۔
برطانیہ میں دو لاکھ 91 ہزار 588 افراد کورونا کی وبا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ملک میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 41 ہزار 213 ہو گئی ہے۔
انڈیا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن گیا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 76 ہزار 583 ہو گئی ہے۔انڈیا میں 7 ہزار 745 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
سپین میں 2 لاکھ 42 ہزار 280 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 27 ہزار سے زائد ہے۔

اسی طرح اٹلی میں وبا سے اب تک 34 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو ئی ہیں جبکہ ملک میں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 35 ہزار 763 ہے۔
اٹلی میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد کھیلوں کی سرگرمیاں شروع ہو رہی ہیں اور اٹالین کپ فٹ بال کا سیمی فائنل جمعے کے روز ہونے جا رہا ہے، تاہم اس میچ کے لیے ابھی حکومت کی حتمی منظوری کا انتظار ہے۔
اگر حکومت نے منظوری دے دی تو اٹلی میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد ملک میں یہ پہلا بڑا میچ کھیلا جائے گا۔
فرانس میں وبا اب تک 29 ہزار 300 سے زائد جانیں لے چکی ہے جبکہ ملک میں وائرس سے ایک لاکھ 92 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
