Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی پہلی کورونا ٹیسٹنگ کٹ تیار

نسٹ کے سائنسدانوں نے ٹیسٹنگ کٹس تیار کی ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان نے اپنی پہلی کورونا ٹیسٹنگ کٹ تیار کر لی ہے اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے اس کی منظوری بھی دے دی ہے۔ 
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے قوم کو خوش خبری سنائی ہے کہ  پاکستان نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے کورونا کے مریضوں کے لیے ٹیسٹنگ کٹ تیار کر لی ہے۔ 
اپنی ٹویٹ میں فواد چوہدری نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اور اس کے سائنس دانوں کو مبارک باد پیش کی۔ 
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مقامی ٹیسٹنگ کٹ سے کورونا کے ٹیسٹ کی قیمت میں نمایاں کمی ہوگی جبکہ ملکی درآمدی بل بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔
فواد چوہدری کی ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے فواد چوہدری اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو مبارک باد دی، اور سارتھ ہی کٹس کے موثر ہونے کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے۔ 
اینکر اجمل جامی نے مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ امید ہے کہ یہ کٹ بہت جلد دستیاب ہوگی۔ 
ایک صارف رانیا خان نے سوال کیا کہ 'کیا آپ ہمیں اس نئی تیار یونے والی کٹ کے نتائج کی درستی کے معیار کے بارے میں آگاہ کر سکتے ہیں؟ 

ایک اور صارف اے بی وٹو نے لکھا کہ '‏‎‎کم از کم کورونا وائرس اور ڈوبتی معیشت میں فواد چوہدری صاحب کی وزارت سے مسلسل اچھی خبریں سننے کو ملتی رہیں. امید ہے میڈ اِن پاکستان کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ خیر چوہدری صاحب کو چاہیے کہ وینٹی لیٹرز کی مقامی سطح پر تیاری بھی جلد شروع کروائیں.' 
زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین اس کٹ کی مارکیٹ میں دستیابی کے بارے میں پوچھ رہے ہیں تاہم اس حوالے سے ابھی تک فواد چودھری نے کوئی جواب نہیں دیا۔ 

شیئر: