Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان: کورونا کیسز چھ ہزار سے زائد، ایاز صادق بھی متاثر

گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 28 ہزار 344 ٹیسٹ کیے گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 107 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 6 ہزار 397 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 933 ہو گئی ہے جبکہ ملک میں اب تک دو ہزار 463 اموات ہوئی ہیں۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ نون کے رہنما سردار ایاز صادق بھی کورونا کا شکار ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے ایک ٹویٹ میں ایاز صادق کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔
ملک میں اب تک 40 ہزار 247 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 8 لاکھ 9 ہزار 169 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 28 ہزار 344 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جو کہ اب تک ایک دن میں ہونے والے ٹیسٹوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

 

جمعے کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ پنجاب میں ہیں۔ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 47 ہزار 382 ہو گئی ہے۔
پنجاب میں 890 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور یہ تعداد کسی بھی دوسرے صوبے یا علاقے سے زیادہ ہے جبکہ 9 ہزار 546 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
سندھ میں کورونا کے 46 ہزار 828 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ ایک ہزار 776 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صوبے میں اب تک 890 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں کورونا کے 15 ہزار 787 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ صوبے میں 632 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 3 ہزار 907 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض پنجاب میں ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

بلوچستان میں کورونا وائرس کے 7 ہزار 673 موجود ہیں جبکہ صوبے میں وائرس سے 75 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 673 ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 6 ہزار 699 ہو چکی ہے جن میں سے ایک ہزار 164 صحت یاب ہوئے جبکہ 65 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
گلگت بلتستان میں ایک ہزار 30 افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ علاقے میں 673 مریض صحت یاب جبکہ 15 ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 534 ہے، 237 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ علاقے میں 10 اموات ہوئی ہیں۔

شیئر: