سعودی عرب، کورونا کی مریضہ کے ہاں بچے کی ولادت
طبی ٹیم کی سلامتی کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اپنائی گئیں۔ فوٹو: سبق
وادی الدواسر کمشنری میں کورونا کے مرض میں مبتلا مریضہ کے ہاں بچے کی ولادت ہوئی ہے۔ خاتون کو حمل کے آخری مہینے میں کورونا لاحق ہوگیا تھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وادی الدواسر جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’سعودی خاتون اور ان کا بچہ دونوں خیریت سے ہیں، انہیں طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔‘
’مذکورہ خاتون حمل کے سلسلے میں ہسپتال سے رابطے میں رہیں تھیں، انہیں حملہ کے آخری مہینے میں کورونا کا انکشاف ہوا تھا، طبی عملے نے محفوظ ولادت کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔‘
’خاتون کو کورونا لاحق ہونے کی وجہ سے ولادت کے دوران خصوصی احتیاطی تدابیر پر عمل کیا گیا تاکہ طبی ٹیم کی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔‘
ہسپتال نے کہا ہے کہ ’احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خاتون کو وہی معیاری خدمات پیش کی گئیں جو ولادت کے کمرے میں عام خواتین کو فراہم کی جاتی ہیں۔‘