Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تازہ کیسز کے بعد چین میں مزید 10 علاقے سیل

دنیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد تقریباً 79 لاکھ ہو گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
چین میں صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ پیر کے روز ملک میں کورونا وائرس کے 49 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ ان میں سے 36 کیسز دارالحکومت بیجنگ میں سامنے آئے ہیں جن کا تعلق ہول سیل فوڈ مارکیٹ سے بتایا جا رہا ہے جس سے لوگوں میں وبا کی نئی لہر کا خوف پیدا ہو گیا ہے جبکہ امریکہ میں دو مارہ کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تقریباً 79 لاکھ ہو گئی ہے جبکہ وبا سے 4 لاکھ 33 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چین جہاں گذشتہ برس کورونا وائرس کا آغاز ہوا تھا میں بڑے پیمانے پر اس وبا کو قابو میں کر لیا گیا تھا تاہم پچھلے ہفتے بیجنگ میں وائرس کی نئی لہر دیکھنے میں آئی۔

 

بیجنگ میں حکام 10 مزید علاقوں کو لاک ڈاؤن کر رہے ہیں تاکہ ہول سیل مارکیٹ سے پھیلنے والی کورونا کی نئی لہر کو کنٹرول کیا جا سکے۔
بیجنگ شہر کے ایک عہدے دار لی جُن جی نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ نئے کیسز شمال مغربی صوبے ہیڈیئن کی دوسری ہول سیل مارکیٹ میں سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مارکیٹ اور قریبی سکول بند کیے جا رہے ہیں اور اس علاقے کی 10 کمیونیٹیز کو لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔
بیجنگ میں کورونا کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد قومی صحت کمیشن کا کہنا ہے کہ بیجنگ کے قریبی صوبے ہیبئے میں تین نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
بیجنگ کی ژنفادی فوڈ مارکیٹ میں ورکرز، قریبی علاقوں کے لوگوں اور وہاں حال ہی میں آنے والے افراد کے بڑے پیمانے پر ٹیسٹ شروع کر دیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ علاقے کے 46 ہزار رہائشیوں کے ٹیسٹ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جبکہ 10 ہزار افراد کے ٹیسٹ پہلے ہی کیے جا چکے ہیں۔

بیجنگ میں مزید 46 ہزار رہائشیوں کے ٹیسٹ کیے جائیں گے (فوٹو: اے ایف پی)

بیجنگ کی ہول سیل مارکیٹ کے قریبی رہائشی علاقوں کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے جبکہ کئی شہروں میں رہائشیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بیجنگ کا دورہ نہ کریں۔
حکام کوشش کر رہے ہیں کہ ان افراد کے ٹیسٹ کیے جائیں جنہوں نے حال ہی میں ہول سیل مارکیٹ کا دورہ کیا ہے، مختلف کمپنیوں اور کمیونیٹیز نے اپنے سٹاف اور رہائشیوں سے ان کی حالیہ نقل و حرکت کے بارے میں دریافت کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پیر کو بیرون ملک سے آنے والے 10 افراد میں بھی وائرس پایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ چین میں باہر سے آنے والے چینی شہری بھی وبا کے پھیلاؤ میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ہیں۔
چین میں جو 177 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ان میں دو کی حالت تشویشناک ہے، اور کیسز کی یہ تعداد مئی کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

چینی حکام کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے 10 افراد میں وائرس پایا گیا (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے علاوہ 18 ایسے کیسز بھی سامنے آئے ہیں جن میں لوگوں میں بظاہر کورونا کی کوئی علامات نظر نہیں آئیں، ان میں سے سات مقامی کیسز ہیں، تاہم چین ایسے کیسز کو تصدیق شدہ کیسز میں شمار نہیں کرتا۔
چین میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 84 ہزار 335 ہو گئی ہے جبکہ اب تک 4 ہزار 638 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 382 اموات ہوئی ہیں جس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 729 ہو گئی ہے۔
یہ امریکہ میں اپریل کے وسط میں کورونا کی انتہا کے بعد کیسز کی کم ترین تعداد ہے۔ اس سے قبل امریکہ میں روزانہ 800 کے لگ بھگ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

امریکہ میں کورونا سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 382 اموات ہوئی ہیں (فوٹو: روئٹرز)

کورونا وائرس سے دنیا کی سب سے بڑی امریکی معیشت وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز کے علاوہ ہلاکتیں بھی دنیا کے کسی دوسرے ملک سے زیادہ ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 20 لاکھ 93 ہزار 335 ہو گئی ہے۔
امریکہ میں ہر روز تقریباً 20 ہزار نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں اور مریضوں کی تعداد میں کمی لانے کے لیے حکام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے مطابق بعض ریاستوں میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاہم اس کا کہنا ہے کہ وبا کی دوسری بڑی لہر آنے کے باوجود معیشت کو بند نہیں کیا جائے گا۔

برازیل میں مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 67 ہزار 624 تک پہنچ گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

کورونا سے متاثر ہونے والے دیگر بڑے ممالک میں سے برازیل میں مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 67 ہزار 624 ہو گئی ہے جبکہ 43 ہزار 332 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
روس میں 5 لاکھ 28 ہزار 267 متاثرین ہیں جبکہ 6 ہزار 938 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ انڈیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 922 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 9 ہزار 195 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
برطانیہ میں دو لاکھ 97 ہزار 342 مریض ہیں جبکہ 41 ہزار 783 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اسی طرح اٹلی میں 34 ہزار سے زائد، سپین میں 27 ہزار سے زائد اور فرانس میں کورونا وائرس 29 ہزار سے زائد افراد کی جان لے چکا ہے۔

شیئر: