Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صحتیاب افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ

صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 95 ہزار 764 ہو گئی ہے۔ (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 95 ہزار 764 تک پہنچ گئی ہے۔ وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
 الشرق الاوسط کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بیان میں اس پات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سعودی عرب میں کووڈ 19 نئے کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد دن بدن بڑھتی چلی جارہی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے اس حوالے سے بتایا کہ وزارت صحت نے مملکت بھر میں 16130 لیبارٹریاں کورونا ٹیسٹ کے لیے مہیا کر رکھی ہیں۔ یہ چوبیس گھنٹے کام کررہی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ  سعودی شہری اور مقیم غیرملکی  اگر کورونا وائرس کی علامتیں اپنے اندر محسوس کرتے ہیں وہ پہلی فرصت میں سرکاری ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹر سے رجوع کرکے کورونا ٹیسٹ کرالیتے ہیں بروقت علاج شروع ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے مرض کو شدت پکڑنے سے قبل ہی قابو کرلیا جاتا ہے۔
العبدالعالی نے بتایا کہ سعودی عرب کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اپنے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔ صحت اداروں کے علاوہ رابطہ مرکز 937 یا ای ایپلی کیشن  مثلا موعد، تطمن اور صحیۃ 24 گھنٹے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو مہیا ہیں۔
 دریں اثنا وزارت صحت کے اعداد وشمار کے مطابق جمعہ 19 جون  کو سامنے آنے والے نئے مصدقہ کیسز 4301 میں 57 فیصد سعودی شہری،  43 فیصد غیرملکی  ہیں۔

نئے کیسز کا دائرہ مملکت کے بیشتر شہروں تک پھیلا ہوا ہے۔ (فوٹو: العربیہ)

وزارت صحت نے بتایا کہ نئے متاثرین میں  5 فیصد کا تعلق بزرگوں،  9 فیصد کا بچوں اور  86 فیصد کا تعلق بالغ  افراد سے ہے۔
 ترجمان کا کہنا تھا  کہ نئے کیسز کا دائرہ سعودی عرب کے بیشتر شہروں تک پھیلا ہوا ہے۔
ترجمان نے تمام لوگوں سے پھر اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دونوں ہاتھ پانی اور صابن سے دھوتے رہیں۔
کوئی بھی شخص گھر سے بغیر حفاظتی ماسک کے نہ  نکلے ۔ منہ اور ناک اچھی طرح سے ڈھک کر ہی باہر جائے۔ اس پابندی سے وہ لوگ مستثنی ہوں گے جو تنہا کسی ایک جگہ بیٹھے ہوں یا ڈیوٹی دے رہے ہوں۔

شیئر: