Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فائیو سٹار ہوٹل میں کورونا متاثرین کو مفت رہائش

تمام افراد کورونا میں مبتلا تھے اس وجہ سے رہائش دی گئی (فوٹو: الامارات الیوم)
دبئی کے ایک فائیو سٹار ہوٹل نے کووڈ 19 کی وبا سے متاثرہ 8 خاندانوں کو ایک ہفتے کے لیے مفت رہائش فراہم کی ہے تاہم انہیں ایک کمرے کا علامتی کرایہ 15 درہم ادا کرنا ہوگا۔
الامارات الیوم کے مطابق جمیرۃ الروضہ کے زعبیل ہاؤس ہوٹل کے جنرل مینیجر لوکا جیمز نے بتایا کہ ہوٹل فی الوقت 8 متاثرہ خاندانوں کو مفت رہائش فراہم کیے ہوئے ہے۔
جنرل مینیجر نے بتایا کہ ’ابھی ہوٹل کے دروازے  مسافروں کے لیے کھولے ہی تھے کہ پتا چلا کہ 8 خاندان کووڈ 19 کی وجہ سے انتہائی نازک صورت حال سے گزر رہے ہیں- اس پر انہیں ہوٹل میں رہائش فراہم کرنے کا فیصلہ کیا- ہم سب ایک معاشرے کا حصہ ہیں اور سب کو ایک دوسرے کا دست و بازو بننا چاہیے‘-
ان کا کہنا تھا کہ ہوٹل ایسے خاندانوں کو رہائش کی سہولت فراہم  کرنے کا پروگرام بنائے ہوئے ہے جو اپنے روزمرہ کے اخراجات بمشکل پورے کرپا رہے ہیں۔ ان خاندانوں کے سربراہ ملازمتوں سے محروم ہوگئے ہیں یا ان کی تنخواہیں بہت زیادہ کم کردی گئی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ان کے فوری مسائل کا بوجھ ہلکا کرنے میں ہمارا کچھ حصہ ہوجائے۔
جنرل مینیجر نے امید ظاہر کی کہ دبئی کے دیگر ہوٹلوں کو بھی ایسا ہی کرنے کی ترغیب ملے گی اور بالآخر ہمارے ذمے معاشرے کا جو قرضہ ہے وہ ضرورت کے وقت بہتر صورت میں ادا ہوسکے گا۔
 خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: