Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مجسموں پر حملہ کرنے والوں کو اب جیل‘

امریکہ میں مجسموں کی حفاظت کے لیے ٹرمپ نے حکم نامے پر دستخط کر لیے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو ایک حکم نامے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت ملک بھر میں قائم عوامی یادگاروں کو نقصان پہنچانے والوں کو سزا دی جا سکے گی۔
ٹرمپ کا یہ اقدام ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ بھر میں لوگ غیر مسلح سیاہ فام شخص جارج فلوئڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق امریکہ کے کئی شہروں میں مظاہرین نے تاریخی شخصیات کے مجسمے گرائے۔ ان میں وہ شخصیات بھی ہیں جن کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ غلاموں کا کاروبار کرتے تھے۔
حکم نامے پر دستخط کرنے کے بعد امریکی صدر نے ٹویٹ کیا کہ، 'مجھے ایک بہت سخت ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کرنے کا موقع ملا جو کہ امریکہ کے مجسموں اور یادگاروں کی حفاظت کرے گا اور حال ہی میں ہونے والے مجرمانہ تشدد سے نمٹے گا۔ قانون توڑنے والوں کو لمبا عرصہ جیل میں گزارنا ہوگا۔'
واضح رہے کہ مظاہرین نے بوسٹن میں کرسٹوفر کولمبس کے مجسمے کا سر تن سے جدا کر دیا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس سے قبل میامی میں کرسٹوفر کولمبس کے مجسمے کو تباہ کیا گیا اور اس کے علاوہ ورجینیا میں بھی کولمبس کے مجسمے کو گھسیٹ کر جھیل میں پھینک دیا گیا۔
اطالوی مہم جو کرسٹوفر کولمبس، جن کے بارے میں نصابی کتب میں لکھا گیا کہ انہوں نے ’نئی دنیا‘ دریافت کی، کو بہت سے لوگ امریکہ میں مقامی باشندوں کی نسل کشی کرنے والا سمجھتے ہیں۔
بوسٹن میں لگا کولمبس کا مجسمہ امریکہ میں لگائے گئے ان کے باقی مجسموں کی طرح کئی برسوں سے متنازع رہا ہے اور اسے ماضی میں بھی تباہ کیا جاتا رہا ہے۔

شیئر: