Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ماسٹر جی' کا انتقال:' آنکھوں سے مسکرانا ان سے سیکھا'

سروج خان 20 جون سے سانس کی بیماری کے باعث ممبئی کے گرونانک ہسپتال میں زیر علاج تھیں (فوٹو:ٹوئٹر)
’دھک دھک کرنے لگا، ایک دو تین، ہوا ہوائی، ڈولا رے ڈولا‘ جیسے بالی وڈ کے سپرہٹ گانوں کی کوریو گرافر سروج خان حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث جمعے کی صبح انتقال کر گئیں۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق سروج خان 20 جون سے سانس کی بیماری کے باعث ممبئی کے گرونانک ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔
ہسپتال میں ان کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا جس کا رزلٹ منفی آیا تھا۔ تین بار نیشنل ایوارڈ یافتہ کوریو گرافر سروج خان کو انڈسٹری میں 'ماسٹر جی' کے نام سے جانا جاتا تھا۔
ان کے انتقال پر بالی وڈ انڈسٹری صدمے میں ہے اور نامور شخصیات اور سروج خان کے مداح ان کے لیے افسردہ ہیں۔ ان کی تصاویر اور ویڈیو کلپس شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین بھی پیش کر رہے ہیں۔
 

بالی وڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار نے لکھا کہ 'صبح کا آغاز لیجنڈری کوریو گرافر سروج خان کے انتقال کی افسوسناک خبر کے ساتھ ہوا۔ ان کی وجہ سے ڈانس آسان لگتا تھا اور ایسا لگتا تھا کہ ہر کوئی کر سکتا ہے۔ انڈسٹری کے لیے یہ ایک بڑٖا نقصان ہے۔ ان کی روح کو سکون ملے۔'

بالی وڈ کی 'بیبو' نے سروج خان کے لیے نوٹ لکھا کہ' ماسٹر جی مجھے ہمیشہ کہتی تھیں کہ پیر نہیں چلا سکتی تو کم سے کم چہرہ تو چلا۔ یہ انہوں نے مجھے سکھایا کیسے ڈانس سے لطف اٹھاتے ہیں اور آنکھوں سے کیسے مسکراتے ہیں۔ کوئی دوسرا ان جیسا نہیں ہوسکتا۔ ان اداکاروں کے لیے جو ان سے محبت کرتے ہیں اب ڈانس اور تاثرات ویسے نہیں ہوں گے۔'

انڈیا کے معروف کارٹونسٹ ستیش اچاریہ نے سروج خان کا ایک کارٹون شیئر کرکے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

انڈین اداکارہ رشمی دیسائی نے لکھا کہ 'وہ 'انڈیا میں کوریوگرافی کی ماں تھیں، ہماری گرو جی۔ بہت بہت افسوس ہوا۔'

ایک صارف نیل جوشی نے لکھا کہ 'ہم میں سے بہت سے لوگوں نے بچپن میں ان کا شو دیکھا اور ہم بڑے شوق سے نئے قسط کا انتظار کرتے تھے۔ ان کی کوریوگرافی اور انرجی ہمیں متاثر کرتی تھی۔انڈسٹری میں بہترین خدمات کے لیے شکریہ۔'

شیئر: