ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن سینٹر کے لیے ایس او پیز کیا ہیں؟
ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن سینٹر کے لیے ایس او پیز کیا ہیں؟
ہفتہ 4 جولائی 2020 5:25
سینٹر کے عملے کو درجہ حرارت ناپنے کے آلے کا استعمال سکھایا جائے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت داخلہ نے نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے، تعلیمی عملے اور طلبہ کو وائرس سے بچانے کے لیے ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن سینٹر کے لیے حفاظتی ضوابط پر مشتمل گائیڈ بک جاری کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گائیڈ بک میں ہدایت کی گئی ہے کہ ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن سینٹر کے دروازے یا مین گیٹ پر کورونا ٹیسٹ پوائنٹ قائم کیا جائے۔
سینٹر کے عملے کو ٹیسٹ کا طریقہ کار اور درجہ حرارت ناپنے والے آلے کا استعمال سکھایا جائے۔
ایسے کسی بھی سٹوڈنٹ کو جس کا درجہ حرارت 38 یا اس سے زیادہ ہو یا وائرس لگنے کی علامتیں اس میں پائی جا رہی ہوں تو اسے سکول میں داخلے سے روک دیا جائے۔
ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن سینٹر آنے والوں کو ماسک کا پابند بنایا جائے۔ ٹرینرزِ، تعلیمی اور صفائی عملے کا یومیہ کی بنیاد پر ٹیسٹ لیا جائے۔
جس کا درجہ حرارت زیادہ ہو یا جس میں وائرس کی علامتیں نظر آ رہی ہوں اس کا باقاعدہ ریکارڈ تیار کیا جائے۔ اگر کورونا وائرس کا کوئی مصدقہ کیس ریکارڈ پر آجائے تو اسے قرنطینہ بھجوا دیا جائے۔
گائیڈ لائن میں مزید کہا گیا کہ عملے کے لیے رہائش پر آئسولیشن رومز کا انتظام کیا جائے۔
کورونا وائرس کی بابت معلومات کے سلسلے میں صرف وزارت صحت اور وبائی امراض سے بچاؤ کے قومی مرکز کی اطلاعات پر ہی انحصار کیا جائے-
ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن سینٹر کے دروازوں پر آگہی لٹریچر کا انتظام ہو اور ایس او پیز کے حوالے سے ہدایات چسپاں کی جائیں۔
کار پارکنگ یا ہال کے اندر اور باہر بھیڑ لگانے سے گریز کیا جائے۔ سینٹر میں ٹریننگ دینے اور لینے والے سب مستقل حفاظتی ماسک پہنے رہیں۔
کسی بھی ٹریننر کو انفلوائنزا کی علامت نمودار ہونے پر سینٹر نہ آنے دیا جائے۔عملے کی حاضری کے لیے فنگر پرنٹ نظام منسوخ کر دیا جائے اور سینیٹائزر تمام نمایاں جگہوں پر رکھے جائیں۔