ملک میں کورونا کے دولاکھ 5 ہزار 292 مریض ہوگئے ہیں( فوٹو: الشرق الاوسط)
سعودی عرب میں سنیچر 4 جولائی کو کورونا وائرس کے 4 ہزار 128 مزید مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ملک میں کورونا کے دو لاکھ 5 ہزار 292 مریض ہوگئے ہیں۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’گذشتہ روز 2642 مریض شفایاب ہوئے ہیں جبکہ 56 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔'
’شفایابی حاصل کرنے والے مریضوں کی کل تعداد ایک لاکھ 43 ہزار 256 جبکہ ہلاکتیں 1858 ہوگئی ہیں‘۔
’اس وقت ملک میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 60815 ہے جبکہ 2259 کی حالت نازک ہے‘۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا سب سے زیادہ مریض ریاض میں آئے جن کی تعداد 360 رہی جبکہ دمام میں 315 ، الھفوف میں 217 ، قطیف 214 ، مکہ مکرمہ 212 ، طائف 204 ، خمیس مشیط 201 ، المبرز 175 ، جدہ 169 ، الخبر151 ، مدینہ منورہ 142 ، الظھران 140 ، ابھا 125 ، الخرج 107 ، بیشہ 104 ، نجران 90 ، بریدہ 71 ، حفر الباطن 67 ، احد رفیدہ 61 ، العیون 46 ، تبوک 44 ، حائل 43 ، وادی الدواسر42 ، عنیزہ 39 ، تنومہ 36 ، الجبیل، صفوی اورشرورہ میں 32 ، 32 جبکہ سبت العلایہ اور السلیل میں 28 ، 28 افراد کورونا وائرس پازٹیو آیا ۔
سعودی عرب کے 27 شہروں میں مریضوں کی تعدا د ایک ، ایک رہی جبکہ اٹھارہ شہروں میں 2 ، دو اور 14 شہروں میں 3 ، تین افراد میں کووڈ 19 وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ دیگر شہروں میں مریضوں کی تعداد مختلف رہی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاو کےلیے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے قواعد مرتب کیے گئے ہیں جن پر عمل کرنا ہر ایک کے لیے لازمی ہے ۔ مقررہ ایس او پیز کا مقصد لوگوں کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنا ہے ۔
کورونا وائرس سے بچاو کے لیے وزارت صحت کی آگاہی مہم جاری ہے اس حوالے سے موبائل اور سوشل میڈیا پر مختصر پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے ذریعے لوگوں کو اس امر کی تلقین کی جاتی ہے کہ ہاتھوں کی صفائی کو یقینی بنائیں جب بھی گھروں سے باہر جائیں واپس آتے ہی ہاتھوں کو صابن سے دھوئیں گھروں سے باہر سینیٹائزر کا استعمال کریں تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔