مملکت بھر میں 31 لیبارٹریاں کورونا ٹیسٹ کررہی ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ نئے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی یومیہ تعداد ایک ہزار سے بڑھا کر 53 ہزار تک پہنچ گئی۔ گزشتہ چار ماہ کے دوران کورونا وائرس ٹیسٹ ریکارڈ تعداد میں کیے گئے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ مملکت بھر میں لیبایٹریوں نے پی سی آر ٹیکنالوجی کی مدد سے 17 لاکھ ٹیسٹ کیے ہیں- یہ اعدادوشمار سعودی عرب میں کورونا کا پہلا مریض ریکارڈ پر آنے کے بعد سے لے کر آج تک کے ہیں۔
وزارت صحت نے مزید کہا کہ سعودی عرب دنیا کے ان پہلے ملکوں میں سے ایک ہے جہاں کورونا وائرس کے لیبارٹری ٹیسٹ کا انتظام کیا گیا ہے۔ مملکت بھر میں 31 لیبارٹریاں مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے کورونا ٹیسٹ کر رہی ہیں۔
وزارت صحت کا یہ بھی کہنا تھا کہ کورونا کی وبا سے لے کر اب تک ہیلپ لائن 937 پر ایک کروڑ سے زیادہ افراد رابطے کرچکے ہیں۔ اب ہفتے میں 5 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ لوگ رابطے کرنے لگے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ 937 سینٹر سے صرف جون میں 29 لاکھ افراد نے رابطے کیے. ان میں سے 3 لاکھ 87 ہزار استفسارات پر مشتمل تھے۔ ایک لاکھ 20 ہزار نے ٹیسٹ کے لیے ٹائم بک کرانے کے لیے رابطے کیے۔ 2 لاکھ 77 ہزار نے کورونا وائرس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ 28 ہزار رابطے رپورٹ کے زمرے سے تعلق رکھتے تھے جبکہ 8 لاکھ 55 ہزار رابطے طبی مشاورت کے لیے کیے گئے۔
یاد رہے کہ وزارت صحت نے 937 رابطہ سینٹر ہیلتھ ایمرجنسی رابطوں کے لیے قائم کررکھا ہے- اس میں 1500 سے زیادہ کارکن تعینات ہیں جن میں ڈاکٹر، رابطہ سروس کے ماہر شامل ہیں۔
سینٹر رابطہ چینلز کے ذریعے مکالمے وصول کرتا ہے۔ ان میں سماجی وسائل کے رابطے ای میل، ای ایپلی کیشنز اور وزارت کی ویب سائٹ پر فوری چیٹنگ وغیرہ شامل ہیں۔