Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

300 پاکستانی ڈاکٹرز اور اہل خانہ کی سعودی عرب واپسی

پی ڈی جی آر نے امید ظاہر کی کہ باقی ڈاکٹروں کی واپسی کے لیے بھی کوششیں کی جائے گی (فائل فوٹو:اے ایف پی)
سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق کوورنا وائرس پھیلنے سے پہلے چھٹیوں پر جانے والے  پاکستانی ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ارکان واپس مملکت پہنچ گئے ہیں۔
یہ ڈاکٹر بین الاقوامی پروازیں معطل ہونے کے بعد باعث پاکستان میں پھنس گئے تھے۔
پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے اردو نیوز کو تصدیق کی ہے کہ 300 پاکستانی ڈاکٹرز، طبی عملے ا ور ان کے اہل خانہ گذشتہ ہفتے سعودی ائیر لائنز کے ذ ریعے مملکت پہنچے ہیں۔
حکام  کے مطابق 200 پاکستانی ڈاکٹرز اور اہل خانہ جولائی کے دوسرے ہفتے واپس آنے والے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اپریل 2020 میں پاکستانی سفارتخانے نے سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھایا تھا کہ وہ  کورونا بحران کے سلسلے میں جاری کوششوں میں مدد کے لیے پاکستانی ڈاکٹروں کو سعودی عرب واپس جانے کی اجازت دی جائے۔

پاکستان ڈاکٹرز گروپ ریاض نے کورنا وبا کی وجہ سے پاکستان میں پھنسے ڈاکٹروں کی سعودی عرب واپسی کے لیے کردار ادا کرنے پر ریاض میں پاکستان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پی ڈی آر جی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ سفیر پاکستان کی جانب سے ڈاکٹروں کی واپسی کے لیے کردار قابل تحسین ہے۔  بیان کے مطابق پاکستان میں پھنسے کچھ ڈاکٹر واپس اپنی ڈیوٹیوں پر آ چکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ڈاکٹرز اور ان کے خاندان کی واپسی کے لیے کوششیں کرنے پر سفیر پاکستان کے مشکور ہیں۔
پی ڈی آر جی نے امید ظاہر کی ہے کہ سفیر پاکستان کی کوششوں سے باقی ڈاکٹروں کی واپسی بھی جلد ممکن ہو سکے گی۔
خیال رہے کورونا وبا کی وجہ سے انٹرنیشنل فلائٹ کی بندش کے سبب سعودی عرب میں کام کرنے والے افراد پاکستان میں پھنس گئے تھے اور ان میں بہت سے ڈاکٹرز بھی شامل تھے۔
اپریل میں سعودی عرب میں کام کرنے والے اور چھٹیوں پر آئےپاکستانی ڈاکٹروں نے واپس جا کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے وزارت سمندر پار پاکستانیز سے مدد مانگی تھی۔
وزارت سمندر پار پاکستانیز کی جانب سے سعودی عرب میں کمیونٹی لیڈرز کے ساتھ ہونے والے ٹاؤن ہال اجلاس میں پاکستان ڈاکٹرز فورم کے صدر ڈاکٹر اسداللہ رومی نے کہا تھا کہ 'انھوں نے سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کو ان  پاکستانی ڈاکٹروں کی فہرست دے دی ہے۔'
ان کے مطابق 'یہ ڈاکٹرز سعودی عرب کے مختلف ہسپتالوں میں ملازمت کرتے ہیں لیکن چھٹیوں پر پاکستان گئے ہوئے ہیں۔ کورونا کے باعث فضائی آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے وہ واپس نہیں پہنچ سکے۔' 
اس موقعے پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندرپار پاکستانیز زلفی بخاری نے کہا تھا کہ'اگر ان ڈاکٹروں کی واپسی میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں تو خصوصی پرواز کا انتظام بھی کیا جا سکتا ہے۔' 

شیئر:

متعلقہ خبریں