کورونا: اترپردیش میں کرفیو، بہار اور آسام میں لاک ڈاؤن
ہفتہ 11 جولائی 2020 10:40
شبانو علی -اردو نیوز، ممبئی
انڈٰیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں ناکامی پر اپوزیشن جماعتیں حکومت پر تنقید کر رہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں کورونا کے کیسز میں گذشتہ دو دنوں سے ایک بار پھر تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد آٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے سنیچر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ 19 کے 27 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آئے جبکہ اس دوران مزید 519 اموات ہوئیں۔
انڈیا کورونا کیسز کے حوالے سے امریکہ اور برازیل کے بعد دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔ امریکہ اور برازیل کی طرح انڈیا میں بھی عالمی وبا کے پھیلنے کی رفتار میں کمی نہیں آ رہی۔
وزارت صحت کے مطابق اب تک کورونا سے آٹھ لاکھ 20 ہزار 916 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ وزرات کا کہنا ہے کہ ان میں سے پانچ لاکھ سے زیادہ افراد صحتیاب ہوئے جبکہ اب بھی تین لاکھ سے زیادہ ایکٹو کیسز موجود ہیں۔
ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 123 ہو چکی ہے۔
ریاست مہاراشٹر میں بھی ایک دن میں سب سے زیادہ سات ہزار 862 کیسز سامنے آئے ہیں اور اب یہاں مجموعی تعداد دو لاکھ 38 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔
مہاراشٹر کے شہر پونے میں 13 جولائی سے دس دنوں کا لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے جبکہ تھانے میں بھی لاک ڈاؤن کو 19 جولائی تک بڑھا دیا گیا ہے۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے بتایا ہے کہ 10 جولائی تک انڈیا میں ایک کروڑ 13 لاکھ افراد کی جانچ ہوئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں تقریبا پونے تین لاکھ افراد کی کورونا کی جانچ ہوئی ہے۔
ابھی تک ریاست مہاراشٹرا، تمل ناڈو اور دہلی میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں لیکن گذشتہ دنوں دوسری ریاستوں میں بھی اس میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ بہار، اتر پردیش اور شمال مشرقی ریاست آسام میں ایک بار پھر سے لاک ڈاؤن نافذ کیا گيا ہے۔
اتر پردیش میں 55 گھنٹے کا کرفیو نافذ کیا گیا ہے اور دارالحکومت لکھنؤ سمت متعدد شہروں میں اس کے اثرات دیکھے جا رہے ہیں۔
خبررساں ادارے اے این آئی کے مطابق دہلی سے اترپردیش میں داخل ہونے والے افراد اور گاڑیوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔
اسی طرح آسام کی علاقے گوہاٹی میں بھی سختی کی گئی اور بہار کے مختلف اضلاع میں سختی کی جا رہی ہے۔