Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ایک کروڑ ٹیسٹ، 19 ہزار ہلاکتیں

انڈیا میں کورونا سے نمٹنے کے لیے ناکافی اقدامات پر نریندر مودی کی حکومت تنقید کی زد میں ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد روزانہ بڑھ رہی ہے اور نئے ریکارڈ بن رہے ہیں۔ 
انڈیا کی وزرات صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 24 ہزار 850 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
اتوار کو سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد چھ لاکھ 73 ہزار ہوگئی ہے۔ 
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسی رفتار سےمثبت کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہا تو انڈیا ایک دو دن میں روس کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں امریکہ اور برازیل کے بعد کورونا کیسز میں تیسرے نمبر پر آ جائے گا۔

 

وزارت صحت نے کہا ہے کہ چار لاکھ سے زیادہ افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
انڈیا میں نہ صرف نئے کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے بلکہ کورونا سے ہونے والی اموات بھی بڑھ رہی ہیں۔
حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وبا کی وجہ سے 613 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ انڈیا میں وبا سے اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 268  افراد کو ہلاک ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر میں متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ایک روز قبل جنوبی ریاست میں کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی تھی۔
دہلی میں متاثرہ افراد کی تعداد تقریبا ایک لاکھ ہو چکی ہے اور تمل ناڈو کے مقابلے میں دہلی میں ہلاکتیں زیادہ ہیں۔
مہاراشٹرا میں کل متاثرہ کیسز دو لاکھ 64 ہیں جبکہ وبا کی وجہ سے ریاست میں آٹھ ہزار 671 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے اتوار کے روز کہا کہ 4 جولائی تک ملک میں تقریبا ایک کروڑ نمونوں کی جانچ کی گئی ہے۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے کہا ہے کہ عوام کی حفاظت اور ان کا مفاد اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اس سے قبل اس ادارے نے کہا تھا کہ انڈیا 15 اگست تک کورونا کی ویکسین بنا لے گا جسے بہت سے حلقوں نے غیر حقیت پسندانہ قرار دیا تھا۔

شیئر: