لیبر حقوق کی خلاف ورزی پر نئے جرمانوں کا اطلاق
خلاف ورزی پر 10 سے 50 ہزار سعودی ریال تک جرمانےہو سکتے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
سعودی عرب میں لیبر حقوق کی خلاف ورزی کرنے والی نجی سیکٹر کی کمپنیوں پر نئے جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہونے والے مزدوروں کی مدد کے لیے ایک شاہی فرمان کے ذریعے لیبر رائٹس کا نفاذ کیا گیا تھا۔
سعودی ادارے ’جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس‘(جی او ایس آئی) نے بے روزگاری انشورنس پروگرام کے تحت لیبر قوانین اور بے روزگاری انشورنس قوانین کے حوالے سے سزاؤں کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت افرادی قوت و سوشل انشورنس اور جی او ایس آئی مل کر فرمان کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 10 سے 50 ہزار سعودی ریال تک جرمانے عائد کریں گے۔
جی او ایس آئی کے مطابق جتنے ورکرز کے حقوق کی خلاف ورزی کی جائے گی اسی لحاظ سے کمپنی کو کیا جانے والا جرمانہ کم یا زیادہ ہو سکتا ہے۔
جی او ایس آئی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ دیگر قوانین کے تحت کیے گئے سخت جرمانوں کو متاثر کیے بغیر لیبر حقوق کی خلاف ورزی پر کیے گئے جرمانوں کا اطلاق ہوگا۔