تاریخی قلعوں اور چھاؤنیوں کو جدید شکل و صورت دی جائے گی- فوٹو ایس پی اے
گورنر عسیر شہزادہ ترکی بن طلال نے کہا ہے کہ تاریخی قلعوں اور چھاؤنیوں کی اصلاح و مرمت کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ یہ چھاؤنیاں اور قلعے آباؤاجداد کی فیاضی، سخاوت اور شان و شوکت کی روشن علامتیں ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق گورنرعسیر کا کہنا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیزاور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خواہش ہے کہ عسیر ریجن کے تاریخی مناظر اجاگر کیے جائیں اور یہاں قلعوں اور چھاؤنیوں کی دیواروں پر بدنما تحریروں کو صاف کیا جائے۔
منصو بے کے مطابق عسیر ریجن کی تمام کمشنریوںِ، شہروں اور تحصیلوں میں واقع تاریخی قلعوں اور چھاؤنیوں کو جدید بنایا جائےگا۔ انہیں ان کے تاریخی ناموں سے یاد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ عسیر ریجن کوہستانی علاقہ مانا جاتا ہے- یہاں بیشتر قلعے اور چھاؤنیاں پہاڑوں کی چوٹیوں پر بنی ہوئی ہیں تاکہ یلغار کرنے والے دشمن کا دور سے ہی پتہ لگایا جاسکے جبکہ وادی میں غلہ جات کے گودام اور ان کی حفاظت کے لیے ان کے اطراف چھاؤنیاں بنائی جاتی تھیں۔
شہزادہ ترکی بن طلال نے 2019 کے شروع میں ریجن کے شہروں میں تاریخی مقامات کی تجدید کا منصوبہ شروع کیا تھا- اس سلسلے میں عسیر میونسپلٹی اور 33 بلدیاتی کونسلوں کو شامل کیا گیاتھا-
منصوبے کے تحت اب تک 67 تاریخی مقامات کی جدید کاری کی سکیمیں بنائی گئی ہیں۔ روشنی کے ساتھ سبزہ زاروں کا بھی بندوبست کیا گیا ہے جہاں سعودی شہری، مقیم غیرملکی اور سیاح سیر و سیاحت کے لیے آتے اور اپنا خوبصورت وقت گزارتے ہیں۔