غیرملکی ایئرلائنز: 96 پاکستانی پائلٹس کے لائسنس کلیئر
بدھ 15 جولائی 2020 9:43
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستان کی وفاقی کابینہ نے 28 پائلٹس کے لائسنس جعلی ہونے ہر منسوخ کر دیے تھے (فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک ہوائی کمپنیوں میں کام کرنے والے 96 پائلٹس کے لائسنس کی تصدیق کر دی ہے۔
ترجمان پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی رانا مجتبی نے اردو نیوز کو بتایا کہ بیرون ملک ہوائی کمپنیوں میں کام کرنے والے 95 فیصد پائلٹس کے لائسنس کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔
پاکستان کے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے پائلٹس کے جعلی لائسنس رکھنے کے بیان کے بعد متعلقہ ایوی ایشن اتھارٹیز نے بین الاقوامی ہوائی کمپنیوں میں کام کرنے والے پاکستانی پائلٹس کے لائسنس کی وضاحت مانگی تھی۔
بین الاقوامی ہوائی کمپنیوں میں کام کرنے والے 104 میں سے 96 پاکستانی پائلٹس کے لائسنس کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق دیگر پائلٹس کے لائسنس کی تصدیق کا عمل ابھی جاری ہے۔
کلیئر قرار دیے جانے والے پائلٹس متحدہ عرب امارات، ویتنام ایئر لائنز، ملائیشین ایئر لائنز، بحرین، ہانگ کانگ اور ترکش ایئر لائنز میں فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور متعلقہ سول ایوی ایشن اتھارٹیز نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے ان پائلٹس کے لائسنس کے حوالے سے وضاحت طلب کی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان کی وفاقی کابینہ نے 28 پائلٹس کے لائسنس جعلی ہونے ہر منسوخ کر دیے تھے۔
وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے پارلیمنٹ میں اپنے بیان میں پائلٹس کے جعلی لائسنس رکھنے کے شبے کا اظہار کیا تھا جس کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز پر برطانیہ سمیت یورپ اور امریکہ کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔