Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تارکین گاڑی کے ’استمارے‘ کی تجدید کیسے کرائیں؟

باہر رہتے ہوئے گاڑی کا کمپیوٹر (فحص) کرانا ممکن نہیں۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس سے محفوظ رہتے ہوئے مقررہ ضوابط کے تحت معمولات زندگی بحال ہو چکے ہیں۔
اندرون ملک فضائی سفر پر پابندی تو ختم ہو گئی ہے تاہم ابھی تک بین الاقوامی پروازیں بحال نہیں ہوئیں۔
قارئین اردو نیوز کی جانب سے مختلف موضوعات کے حوالے سے سوالات ارسال کیے جا رہے ہیں۔
سفری پابندیوں کے باعث بیرون مملکت پھنس جانے والے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے سامنے ایک اہم سوال یہ ہے کہ وہ سعودی عرب سے باہر قیام کے دوران گاڑی کے ملکیتی کارڈ ’استمارے‘ کی تجدید کس طرح کرائیں؟
 ’استمارے‘ کی آن لائن تجدید ممکن نہیں کیونکہ ابشر سسٹم کے ذریعے تجدید کرانے کی صورت میں’استمارے‘ کی تجدید سے قبل گاڑی کا کمپیوٹر (فحص) ضروری ہوتا ہے۔ سعودی عرب سے باہر رہتے ہوئے گاڑی کا کمپیوٹر (فحص) کرانا ممکن نہیں۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے ٹوئٹر پر اس حوالے سے کیے جانے والے  سوالات کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ’جو لوگ سفری پابندیوں کے باعث بیرون مملکت پھنسے ہوئے ہیں وہ گاڑی کا کمپیوٹر(فحص) اپنے کسی عزیز یا دوست کے ذریعے کروا سکتے ہیں اور اس کے بعد  ملکیتی کارڈ ’استمارے‘ کی تجدید آن لائن ہوسکے گی‘۔

اگر خلاف ورزیاں ہیں تو ان پر جرمانے ادا کیے جائیں۔ (فوٹو سوشل میڈیا)

محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ گاڑی کے ملکیتی کارڈ ’استمارے‘ کی تجدید کے لیے ضروری ہے کہ :
  •  مقررہ فیس ادا کی جائے۔
  • اگر خلاف ورزیاں ہیں تو ان پر جرمانے ادا کیے جائیں۔
  • گاڑی کا کمپیوٹر (فحص) کرایا جائے۔
 محکمہ ٹریفک کے مطابق تمام کام انجام  دینے کے بعد ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے استمارے کی تجدید ہوسکتی ہے۔ استمارے کی گاڑی کے کمپیوٹر والی شرط ایسی ہے جو آن لائن نہیں ہوسکتی اس کے لیے یا تو گاڑی کے مالک کی مملکت میں موجودگی ضروری ہوگی یا وہ یہ کام اپنے کسی عزیز یا دوست کے ذریعے یہ کام کرائے تبھی استمارے کی تجدید ممکن ہوسکے گی۔
سعودی عرب میں کورونا وائر س کے پھیلاو کو روکنے کے لیے کرفیو کے دوران فحص کرائے بغیر گاڑی کا استمارہ تجدید کرانے کی سہولت دی گئی تھی تاہم کرفیو کے خاتمے اور معمولات زندگی بحال ہونے کے بعد اب یہ سہولت ختم ہو چکی ہے۔

گاڑی کے استمارے کی تجدید کا طریقہ کار

محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے گاڑیوں کے ملکیتی کارڈ ’استمارہ‘ کی تجدید کےلیے اہم ترین کام گاڑی کا فٹنس سرٹیفیکٹ ہوتا ہے۔

استمارہ 3 برس کے لیے ہوتا ہے جس کی فیس 300 ریال ہے۔ (فوٹوسوشل میڈیا)

یہ مقررہ فٹنس سینٹر سے اسی وقت حاصل ہوگا جب گاڑی وہاں پیش کی جائے اس کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد ہی فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے۔
فٹنس سینٹر سے جاری ہونے والا سرٹیفیکٹ نیٹ ورک کے ذریعے محکہ ٹریفک پولیس بھیجا جاتا ہے جہاں گاڑی کے مالک کے ریکارڈ میں اسے اپ ڈیٹ کر دیا جاتا ہے۔
فنی ٹیسٹ جسے عربی میں ’فحص‘ کہتے ہیں ایک سال کے لیے کارآمد ہوتا ہے یہ ٹیسٹ ہر سال کرانا لازمی ہے اگر فحص ایکسپائر ہوتو اس پر بھی چالان کیا جاتا ہے۔
فٹنس سرٹیفیکٹ جاری کرانے کے بعد انشورنس کرانے کا مرحلہ آتا ہے جس کے بعد ابشر اکاونٹ سے استمارہ کی تجدید کرائی جاتی ہے۔
استمارہ عام طور پر 3 برس کے لیے ہوتا ہے جس کی فیس 300 ریال ہوتی ہے۔
ٹریفک پولیس کے ادارے کی جانب سے نئے جاری ہونے والے استمارے میں ایکسپائری ڈیٹ درج نہیں کی جاتی جس کا مقصد اسے طویل عرصے تک استعمال کے قابل بنانا ہے جبکہ سسٹم میں ہی ہر 3 برس بعد اس کی تجدید کر دی جاتی ہے۔

شیئر: