ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مخصوص شہروں میں گاڑیوں کے ملکیتی کارڈز ’استمارے‘ کی تجدید کے لیے 'فحص‘ سرٹیفکیٹ درکار نہیں ہوگا۔
ٹریفک پولیس نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پرگاڑیوں کے ملکیتی کارڈز ’استمارہ‘ کی آن لائن تجدید کے لیے مزید سہولت کا اعلان کیا ہے۔
ادارہ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ’گاڑیوں کے استمارہ کی تجدید کے لیے موٹروھیکل انشورنس ہونا لازمی ہے، لوگوں کو جرمانے سے بچانے کے لیے فحص سرٹفیکیٹ کی شرط عارضی طور پر ختم کی گئی ہے۔‘
کورونا وائرس کی وجہ سے ان شہروں میں جہاں لاک ڈاون اور کرفیو نافذ ہے وہاں گاڑیوں کے انسپیکشن سینٹر ’بھی عارضی طور پر بند ہیں۔
ٹریفک پولیس نے جدہ ، مکہ ، ریاض، مدینہ، تبوک، الھفوف، دمام ، طائف، اور ریاض 2 میں رہنے والوں کی سہولت کے لیے کہا ہے کہ مذکورہ شہروں میں رہنے والے اپنی گاڑیوں کے ’استمارے‘ بغیر فحص سرٹیفکیٹ (ایم وی پی آئی) کی آن لائن تجدید کراسکیں گے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ’استمارے کی تجدید کے لیے لازمی ہوگا کہ گاڑیوں کی انشورنس کارآمد ہو اگرانشورنس نہیں ہے تو آن لائن انشورنس کرانے کے بعد فوری طور پر استمارے کی تجدید کرائی جاسکتی ہے۔‘
واضح رہے کورونا وائرس کی وجہ سے جدہ سمیت 9 شہروں میں 24 گھنٹے کا کرفیو اور لاک ڈاون ہے جس کے سبب مذکورہ شہروں میں رہنے والوں کے لیے آمدورفت کی مکمل پابندی ہے۔
یاد رہے گاڑیوں کے ملکیتی کارڈ ’استمارہ‘ کی تجدید 3 برس کےلیے کی جاتی ہے ۔ تجدید کے وقت لازمی طور پر’فحص سرٹیفیکٹ‘ درکار ہوتا ہے جس کی انٹری ٹریفک پولیس کے مرکزی کنٹرول سینٹر میں ہوتی ہے، جب تک فحص سرٹیفکیٹ اور تھرڈ پارٹی انشورنس نہ کرائی جائے استمارہ کی تجدید نہیں کی جاتی۔
فحص سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کےلیے گاڑیوں کا تفصیلی معائنہ کرایا جاتا ہےجس میں معمولی سی بھی خرابی ہونے پر سرٹیفیکیٹ جاری نہیں ہوتا۔
دریں اثنا مقامی ویب نیوز ’سبق‘ نے ٹریفک پولیس کے حوالے سے لکھا ہے کہ موجودہ صورتحال میں اگر کسی کا ’فحص‘ ایکسپائر ہوئے 3 برس ہو چکے ہیں تو وہ بھی موجودہ صورتحال کے تحت بغیر کسی جرمانے کی اپنی گاڑی کا استعمارہ تجدید کراسکتا ہے۔