سعودی ڈیجیٹل لائبریری میں 'کتابوں کا ذخیرہ'
اتوار 19 جولائی 2020 12:16
لائبریری میں چار لاکھ 46 ہزار سے زیادہ ڈیجیٹل کتابیں موجود ہیں (فوٹو: شٹر سٹاک)
سعودی وزارت تعلیم کی ’ڈیجیٹل لائبریری‘ مملکت میں محققین اور طلبہ کی مدد کے لیے 169 مختلف تعلیمی شعبوں میں تحقیق سے معلومات فراہم کرتی ہیں۔
عرب نیوز نے سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ سرکاری اور پرائیویٹ یونیورسٹیاں، اساتذہ اور سکالرز اس ڈیجیٹل لائبریری سے استفادہ کرتے ہیں۔
سعودی ڈیجیٹل لائبریری کی کوشش ہے کہ مشرق وسطیٰ میں وسائل اور حجم کے لحاظ سے ڈیجیٹل علم کا ذریعہ بن جائے۔
اس لائبریری سے 65 سے زیادہ اداروں نے فائدہ اٹھایا ہے۔
لائبریری میں چار لاکھ 46 ہزار سے زیادہ ڈیجیٹل کتابیں، 60ہزار سائنٹیفک جرنلز، 65 لاکھ 48 ہزار تین سو 50 ریسرچ اور کانفرنس پیپرز، 52لاکھ 24 ہزار چار سو دس یونیورسٹی تھیسز اور 30 لاکھ 61 ہزار چھ سو 69 سائنٹیفک رپورٹس ہیں۔
اس کے علاوہ 46 لاکھ دس ہزار سے زیادہ ملٹی میڈیا مواد، مختلف مضامین میں سائنٹیفیک فلمیں اور ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ سائنسی مضامین بھی لائبریری کا حصہ ہے۔
حالیہ اعدادوشمار سے معلوم ہوتا ہے کہ لائبریری سے دو اعشاریہ دو ملین سے زیادہ افراد مستفید ہوئے ہیں۔