کویتی وزیر مریم العقیل نے سپیشل ایپ ’کویتیون بلا رواتب‘ جاری کی ہے۔( فوٹو القبس)
کویت کی وزیر سماجی امور و وزیر مملکت برائے اقتصادی امور مریم العقیل نے کورونا بحران سے متاثر شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے سپیشل ایپ ’کویتیون بلا رواتب‘ جاری کی ہے۔
اس کے تحت وبا سے متاثرہ نادار کویتیوں کی مدد کی جائے گی' ’کویتیون بلا رواتب‘ سے مراد ایسے کویتی ہیں جنہیں تنخواہ نہیں مل رہی ہے'
کویتی خبررساں ادارے کونا کے مطابق مریم العقیل نےایک بیان میں کہا کہ ’کویتیون بلا رواتب‘ ایپ پر کورونا سے متاثر نادار کویتیوں کی درخواستوں کی وصولی شروع کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ کویتی وزیر نے اس سے پہلے اعلان کیا تھا کہ حکومت جلد ای پلیٹ فارم پر کورونا وبا سے متاثر ہرکویتی شہری کواندراج کا موقع دے گی۔
مریم العقیل کا کہنا تھا کہ سرکاری ادارے ایسے تمام کویتی شہریوں کی درخواستوں کی جانچ کے بعد جن کے پاس آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں ہوگا ان کی مالی اعانت کریں گے اور ان کے معاشی مسائل حل کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ کویت دنیا میں پہلا ملک ہے جس نے کورونا بحران سے متاثر اپنے نادار شہریوں کے مسائل انسانی بنیادوں پر سائنٹفک انداز سے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔