حاجیوں کے لیے بسوں کے روٹ متعین کردیے گئے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعو دی عرب میں حج سیکیورٹی فورس کے ڈپٹی کمانڈر برائے ٹریفک امور میجر جنرل محمد البسامی نے اس سال حج سیزن کے لیے ٹریفک پلان پیش کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق میجر جنرل محمد البسامی نے بتایا کہ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے مکہ مکرمہ، منی، عرفات اور مزدلفہ کی سڑکوں پر پٹرولنگ ہوگی۔ مکہ مکرمہ سمیت تمام حج مقامات کے راستے استعمال کرنے والوں کے لیے ٹریفک سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ کہیں بھی کسی قسم کا ٹریفک اور سیکیورٹی حادثہ رونما ہو تو پہلی فرصت میں اس سے متعلق ساری کارروائی نمٹا دی جائے۔ تمام ادارے ایک دوسرے سے مل کر مربوط شکل میں کام کریں گے۔
حج سیکیورٹی فورس کے ڈپٹی کمانڈر نے بتایا کہ ٹریفک پولیس منی، عرفات اور مزدلفہ جانے والے راستوں کو کنٹرول کرے گی ایسی کوئی بھی گاڑی جس کے ڈرائیورکے پاس حج مقامات پر جانے کا لائسنس نہیں ہوگا اسے داخلے سے روکا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ منی، عرفات اور مزدلفہ میں حاجیوں کے لیے بسوں کے روٹ متعین کردیے گئے۔ جمرات اور مسجد الحرام کے درمیان بس سروس کا انتظام ہے۔ بسوں کے روٹ حاجیوں کے راستے سے الگ ہوں گے۔
البسامی نے بتایا کہ ٹریفک پولیس نے منی میں حاجیوں کی رہائش مسجد نمرہ، میدان عرفات میں حاجیوں کے خیموں اور مزدلفہ میں مسجد المشعر الحرام ، جمرات اور مسجد الحرام مکہ مکرمہ آنے کے حوالے سے بھی ٹریفک سکیم تیار کی ہے-
میجر جنرل بسامی نے بتایا کہ ٹریفک پولیس ہی گاڑیوں اور حج خدمات فراہم کرنے والے سرکاری اداروں کو حج مقامات پر آنے جانے کے اجازت نامے جاری کررہی ہے۔
دریں اثنا حج سیکیورٹی فورس کے ڈپٹی ڈائریکٹر برائے پٹرولنگ میجر جنرل عبدالعزیز المسعد نے بتایا کہ اس سلا حج موسم میں پٹرولنگ پلان چار نکاتی بنایا گیا ہے۔ مکہ مکرمہ شہر کے لیے پٹرولنگ کمانڈ متعین کردی گئی ۔مسجد الحرام کے اطراف کے لیے پٹرولنگ کا الگ انتظام کیا گیا ہے۔ حرم مکی کے اطراف پیدل گشتی فورس اور مختلف مقامات پر چیک پوسٹیں بھی ہوں گی۔ ایسے کسی بھی شخص کو جس کے پاس حج کا اجازت نامہ نہیں ہوگا ۔اسے مسجد الحرام والے علاقے میں داخلے سے روک دیا جائے گا۔
تیسری جانب منی، عرفات اور مزدلفہ پٹرولنگ کمانڈ تشکیل دی گئی ہے۔ اس کے تحت کسی بھی ایسے شخص کو جس کے پاس اجازت نامہ نہیں ہوگا اسے نہ تو حج مقامات میں داخل ہونے دیا جائے گا اور نہ ہی رہنے دیاجائے گا۔
علاوہ ازیں سیکیورٹی ٹاسک کمانڈ مقرر کی گئی ہے جسے حج مقامات کے باہر سیکیورٹی حصار آپریشن کی ذمہ داری دی گئی ہے۔