کویت میں پروازوں کے لیے ایس او پیز جاری
حکام کے مطابق کویت سے جانے والے مسافروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ کورونا ٹیسٹ کروائیں ( فوٹو: القبس)
کویتی محکمہ شہری ہوا بازی نے تجارتی پروازوں کے لیے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں جن کا اطلاق کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہوگا۔
کویتی نیوز ایجنسی ( کونا) کے مطابق کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نائب سربراہ صالح الفداغی نے کہا ہے کہ کویت آنے اور جانے والے مسافروں کے لیے حفاظتی تدابیر جاری کی گئی ہیں۔
صالح الفداغی نے بتایا کہ تمام مسافروں سمیت ایئرپورٹ عملے کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے علاوہ سماجی فاصلے کی پابندی کرنی ہوگی۔
’کویت سے جانے والے مسافروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ کورونا ٹیسٹ کروائیں اور رپورٹ ساتھ رکھیں، علاوہ ازیں جس ملک کا سفر کر رہے ہوں وہاں جو شرائط لاگو ہیں انہیں پورا کریں۔‘
کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نائب سربراہ نے مزید کہا کہ مسافروں کو جہاز کے اندر بیگ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اس سے استثنی صرف ادویہ یا ذاتی دستاویزات کے علاوہ بچوں کے دودھ وغیرہ والے بیگ کو حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ٹرمنل کے اندر صرف مسافر اور عملے کو جانے کی اجازت ہے، اس سے استثنی صرف معذور یا معمر مسافروں کو ہے جنہیں کسی اور نگرانی کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ تمام مسافروں کے پاس الیکٹرانک ٹکٹ ہوگا جسے ای میل یا فون پر حاصل کیا گیا ہوگا، ٹکٹ کا کاغذی پرنٹ اٹھانا خلاف ورزی شمار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ تمام مسافروں کا وبائی امراض سے پاک ہونا ضروری ہے، کویتی شہریوں کے لیے انشورنس کرانا ضروری ہے جو مدت سفر کے لیے کافی ہو۔
مسافر کو پرواز سے 4 گھنٹہ پہلے ایئرپورٹ پہنچنا ہوگا، اس سے پہلے ’مسافر‘ ایپلی کیشن میں اپنا اندراج کرانا ہوگا اور وہاں سے ملنے والا کوڈ ایئرپورٹ عملے کو دکھانا ہوگا۔